کشمیر میں جی 20 اجلاس:چین سمیت 5 ممالک شرکت نہیں کر رہے ہیں

سخت سیکورٹی کے بیچ مندوبین کا قافلہ سری نگر پہنچا
سری نگر، 22 مئی (یو این آئی) G-20 ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس آج سے کشمیر کے سری نگر میں شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس میں 5 ممالک بشمول چین، سعودی عرب، ترکی، انڈونیشیا اور مصر شریک نہیں ہو رہے ہیں۔دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین کا قافلہ تاریخی  سہہ روزہ جی ٹونٹی سربرائی اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے پیر کی صبح سری نگر پہنچا۔سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مندوبین کا کشمیری کے روایتی انداز میں شاندار استقبال کیا گیا۔بعد ازاں بین الاقوامی مندوبین کا قافلہ فقید المثال سیکورٹی بندوبستکے بیچ  سیدھے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر اور زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) پہنچا جہاں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس اجلاس کا افتتاح کریں گے جبکہ مرکزی وزیر سیاحت جی کے ریڈی اور وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ اس اجلاس میں مہماںان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔مندوبین کے استقبال کے لئے شہر سری نگر کی سڑکوں اور دیواروں کو سجایا گیا ہے۔سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں و کشمیر میں منعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے  اس پہلے اجلاس میں 60 بین الاقوامی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔اجلاس میں پانچ اہم ترجیحی شعبوں یعنی گرین ٹورازم، ڈیجیٹلائزیشن، ہنر، این ایس ایم ایز اور دسٹینیشن منیجمنٹ پر بات و چیت و تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مندوبین جھیل ڈل کے کناروں پر واقع مشہور مغل باغات کا بھی دورہ کریں گے۔سہہ روزہ دورے کے دوران دیگر مصروفیات کے علاوہ مندوبین سری نگر میں گورنمنٹ آرٹ ایمپوریم کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ دستکاروں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور اس موقع دستکار اپنے ہنر کا مظاہرہ بھی کریں گے۔مندوبین کا قافلہ پولو ویو مارکیٹ کا بھی دورہ کرے گا جہاں وہ مقامی تاجروں کے ساتھ گفت و شنید کریں گے۔ادھر محکمہ ٹریفک نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے اور ایس کے آئی سی سی کی طرف جانے والے روڈ پر تین دنوں کے لئے ٹریفک کی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی ہے۔