نریندر مودی کی جمہوریہ فجی کے وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ

نئی دہلی، 22 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم  نریندر مودی نے آج پورٹ مورسبی میں ہند-بحرالکاہل جزائر تعاون سے متعلق  فورم(ایف آئی پی آئی سی) کی تیسری سربراہ کانفرنس کے موقع پر جمہوریہ فجی کے وزیر اعظم سیتوینی لیگامامادا رابوکا  کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔ وزیر اعظم نے  یہ یاد کیا کہ ایف آئی پی آئی سی کا  افتتاح  ان کےنومبر 2014 میں  فجی کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے بحرالکاہل  جزائر کے ملکوں (پی آئی سی) کے ساتھ ہندوستان کا تعاون مسلسل مضبوط ہوا ہے۔دونوں رہنماؤں نے دونوں ملکوں کے درمیان گہری اور کثیر جہتی ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا اور صلاحیت سازی ، حفظان صحت ، آب و ہوا سے متعلق  کارروائی، قابل تجدید توانائی، زراعت، تعلیم اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں ہوئی  پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی ترقی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرسطحی فورموں پر تعاون کو مضبوط بنانے کے بارےمیں بھی اتفاق کیا۔ فجی کے صدر راتو ولیم میوالیلی کاتونیویرے کی طرف سے وزیر اعظم  رابوکا نے وزیر اعظم  نریندرمودی کو جمہوریہ فجی کے اعلیٰ  اعزاز ’دی کمپینیئن آف دی آرڈر آف فجی (سی ایف)‘  سے نوازا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اعزاز کے لیے  فجی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور اسے ہندوستان کے عوام اور  دونوں ملکوں کے مابین ایک مخصوص اور دائمی رشتہ  قائم کرنے میں  اہم رول ادا کرنے والی  فجی- ہندوستانی برادری کی نسلوں کو وقف کیا۔