نتیش نے کھڑگے اور راہل سے کی ملاقات

نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) اگلے سال مجوزہ عام انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں مصروف  بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پیر کو یہاں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات  کرکے  اپوزیشن اتحاد سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔مسٹر کمار شام 4.30 بجے کے قریب 10 راجا جی مارگ پر مسٹر کھڑکے کی رہائش گاہ پہنچے جہاں مسٹر گاندھی اور دیگر لیڈران مسٹر کھڑکے کے ساتھ پہلے ہی ان کا انتظار کر رہے تھے۔ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔اس میٹنگ کے بعد کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ   اپوزیشن پارٹیوں کو ایک  پلیٹ فارم پر لانے اور اس سلسلے میں حکمت عملی طے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کی ایک ایج میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں مختلف پارٹیوں کے لیڈران شامل ہوں گے۔ میٹنگ کب ہو گی اس کے بارے میں اس ہفتے اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ  گزشتہ ہفتے بنگلورو میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کی حلف برداری کی تقریب میں مسٹر کمار کے ساتھ 18 اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نےشرکت کی تھی۔ بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کے یکجہتی کے مظاہرے کے بعد اس میٹنگ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اس ملاقات کی ویڈیو کو شیئر کیا ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے "اب متحد ہوگا ملک۔ جمہوریت کی مضبوطی ہی ہمارا پیغام۔" ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ "راہل گاندھی اور ہم نے آج بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کر ملک کو ایک نئی سمت دینے کے عمل کو آگے بڑھایا۔"