معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل کے خلاف فرد جرم عائد

الحیات نیوز سروس 
 رانچی،10؍اپریل:منی لانڈرنگ کیس میں معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل کے خلاف الزامات طے کیے گئے ہیں۔ سوموار کو رانچی ای ڈی کی خصوصی PMLA عدالت نے اسے منظوری دے دی ہے۔ اب عدالت میں پوجا سنگھل کے خلاف بطور ملزم مقدمہ چلے گا۔ سماعت کے دوران پوجا سنگھل بھی عدالت میں موجود تھیں۔ ای ڈی کی خصوصی عدالت کے خصوصی جج پی کے شرما نے پوجا سنگھل کے خلاف الزامات کو پڑھ کر سنایا۔سی اے سمن اور انجینئر ششی پرکاش کے خلاف بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سمن کمار معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل کے شوہر ابھیشیک جھا کے سی اے ہیں اور ششی پرکاش انجینئر ہیں۔ دونوں اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔ ششی پرکاش نے خود عدالت کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ جبکہ سمن کمار کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے جانچ کے بعد چارج شیٹ داخل کی اور ششی پرکاش اور سمن کمار کو منی لانڈرنگ کا ملزم بنایا۔