جمشید پور میں جھنڈےپرتنازعہ، تشدد کے بعد انٹرنیٹ بند

دو گروپوں میں پتھراؤ اور فائرنگ؛ دفعہ 144 نافذ، سیکورٹی فورسز نے کیافلیگ مارچ 
الحیات نیوز سروس 
 جمشید پور،10؍اپریل: جمشید پور میں جھنڈے کے تنازع پر دو دن کی کشیدگی کے بعد سوموارکو حالات قابو میں ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے صبح کڑما شاستری نگر بلاک میں فلیگ مارچ کیا۔ پورے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی اور انٹرنیٹ بند کر دیا گیا۔ اس دوران پولیس نے اب تک 60 افراد کو گرفتار کیا ہے۔اتوار کی دیر رات اس علاقے کا ماحول پھر سے خراب ہو گیاتھا۔ دونوں گروپوں کے درمیان شدید پتھراؤ ہوا۔ معاملہ بگڑ گیا تو ایک گروپ نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا۔ تقریباً 8 راؤنڈ فائرنگ بھی کی۔ جواب میں پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔ پتھراؤ میں ٹریفک ڈی ایس پی کمل کشور سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔سٹی ایس پی کے وجے شنکر نے کہا کہ بی جے پی لیڈر ابھے سنگھ کو جمشید پور میں اتوار کو ہوئے تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 57 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ 120 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر وجئے جادھو نے کہا کہ کچھ سماج دشمن عناصر نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کی ہے۔ انتظامیہ پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اپیل ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور قیام امن میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔