
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین ،وزراء اور ممبران اسمبلی سمیت کئی لیڈران تھے موجود
الحیات نیوز سروس
بوکارو/رانچی ،07؍اپریل: جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم جگر ناتھ مہتو کی آخری رسومات بوکارو میں ان کی آبائی رہائش گاہ بھنڈارڈیہہ میں ادا کی گئیں۔ اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ مہتو، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور کئی ممبران اسمبلی اور وزراء نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔جگرناتھ مہتو کی میت چنئی سے صبح 7.30 بجے رانچی پہنچی۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین میت کو اپنے کندھے پر اٹھا کر وین تک لے گئے۔ اس کے بعد انہیں ان کے آخری دیدار کے لئے سیدھے اسمبلی لے جایا گیا جہاں ممبران اسمبلی ، وزراء کے لیڈروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اسمبلی کے بعد جے ایم ایم دفتر لے جایاگیا جہاں پارٹی کارکنان نے خراج عقیدت پیش کیا ۔اس کے بعد وزیر تعلیم جگرناتھ مہتو کی میت بوکارو کے بھنڈاری دہ پہنچی، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین جگرناتھ مہتو کے گاؤں پہنچے
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین وزیر جگرناتھ مہتو کے آبائی گاؤں الارگو پہنچے، اسمبلی اسپیکر رویندر مہتو اور وزیر اعلیٰ دونوں نے جگرناتھ مہتو کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
ممبر اسمبلی، لیڈر آفیسر سمیت کئی لوگوں نے اسمبلی میں خراج عقیدت پیش کیا
اسمبلی اسپیکر ربندر ناتھ مہتو نے سب سے پہلے خراج عقیدت پیش کیا، اس کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، رامیشور اورائوں، ایم پی انپورنا دیوی، بابولال مرانڈی، متھیلیش ٹھاکر، بننا گپتا، بادل پترلیک، اسٹیفن مرانڈی، مہوا ماجی، سریو رائے، پردیپ یادو، سمیت کئی لیڈروں نے شرکت کی۔ بندھو ترکی، شلپی نیہا ترکی نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔اسمبلی میں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد جگرناتھ مہتو کے نعرے لگائے گئے۔ ودھان سبھا اور پارٹی دفتر میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ٹویٹر پر لکھا، جگرناتھ مہتو کو ان کے جسم پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایشور سے پرارتھنا کی کہ سوگوار خاندان کو دکھ کی اس گھڑی کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم اور کوڈرما سے ایم پی انپورنا دیوی نے جھارکھنڈ حکومت کے وزیر تعلیم جگرناتھ مہتو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اسمبلی میں انہوں نے جگرناتھ مہتو کو خراج عقیدت پیش کیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جگرناتھ جی کی بے وقت رخصتی انتہائی تکلیف دہ اور جھارکھنڈ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔