گورنر رادھا کرشنن نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کی ملاقات

یونیورسٹی میں اساتذہ کی تقرری سمیت کئی امور پر بات چیت
الحیات نیوز سروس 
نئی دہلی/رانچی ، 06؍اپریل:گورنر سی پی رادھا کرشنن نے جمعرات کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے وزیر اعظم کے ساتھ ریاست کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو ریاست میں خاص طور پر تعلیم، صحت، صفائی، پینے کے پانی، رہائش وغیرہ سے متعلق اسکیموں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران گورنر نے ریاست کے بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں ریاستی حکومت کی طرف سے کی جا رہی سیکورٹی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔اس کے ساتھ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جھارکھنڈ اعلیٰ تعلیم میں بہت پسماندہ ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست میں اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے ایک روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ضروری ہے کہ یونیورسٹیوں میں اساتذہ کی تمام آسامیاں پُر کی جائیں۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ اور فنی تعلیم کا محکمہ اور یونیورسٹیاں مذکورہ روڈ میپ کے مطابق کام کریں تو اعلیٰ تعلیم یقینی طور پر ترقی کرے گی۔گورنر نے وزیر اعظم کے ساتھ ریاست کے فضائی اور ریل نیٹ ورک/ کنیکٹیوٹی کی توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے ریاست کی مجموعی ترقی کے لیے تمام ضروری تعاون کا یقین دلایا۔