ملائم سنگھ یادو (بعد از مرگ) سمیت 55 شخصیات کو آج یہاں پدم ایوارڈ سے نوازا گیا

نئی دہلی، 5 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو (بعد از مرگ) سمیت 55 شخصیات کو آج یہاں پدم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے بدھ کی شام راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں سال 2023 کے لیے باوقار پدم ایوارڈ پیش کیا۔تقریب میں تین شخصیات کو پدم وبھوشن، پانچ کو پدم بھوشن اور 47 کو پدم شری سے نوازا گیا۔آنجہانی ملائم سنگھ یادو کے بیٹے اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اپنے والد کی جگہ پدم وبھوشن ایوارڈ لیا۔ ڈاکٹر دلیپ مہلانابیس کو بھی  بعد از مرگ پدم وبھوشن سے  نوازا گیا۔ سائنسداں ایس آر سرینواس کو بھی باوقار پدم وبھوشن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر داخلہ امت شاہ اور کئی دیگر معززشخصیات موجود تھیں۔