ریاست اور ملک کیلئے ٹاٹا گروپ کا تعاون قابل ستائش

 زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائیں، یہ حکومت کی کوشش ہے، ریاست میں صنعتیں لگیں گی تو روزگار پیدا ہوگا: وزیر اعلیٰ 
الحیات نیوز سروس 
 جمشید پور،03؍اپریل:جس طرح آج دی ٹن پلیٹ کمپنی آف انڈیا لمیٹڈ کی توسیع کے لیے سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ کام وقت پر مکمل ہو جائے گا جس سے یہاں کے لوگوں کو بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار ملے گا۔ حکومت کی ہمیشہ سے یہی سوچ رہی ہے۔ ریاست میں صنعتیں لگنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے لیے پالیسیاں بنائی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگیں۔  حکومت بننے کے بعد انڈسٹریل پالیسی بنائی گئی۔ اس سلسلے میں کئی صنعتی گھرانوں کا تعاون حاصل ہوا۔ انڈسٹری پالیسی کے آغاز کے موقع پر ٹاٹا گروپ کے لوگ بھی موجود تھے۔ بہتر نتائج دیکھنے میں آئے ہیں۔ یہ صنعتی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ آج ٹی سی آئی ایل کی توسیع کے لیے بھومی پوجن کیا گیا۔ اس سے پہلے بھی بوکارو میں سیمنٹ فیکٹری کی توسیع کی گئی تھی اور وہاں سے پیداوار بھی شروع ہو چکی ہے۔ مذکورہ باتیں وزیراعلی ہیمنت سورین نے کہیں۔ جناب سورین ٹی سی آئی ایل کے توسیعی پروجیکٹ کے بھومی پوجن پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر  اظہار خیال کر رہے تھے۔
 ٹاٹا گروپ کا تعاون قابل ستائش 
وزیر اعلی نے کہا کہ ٹاٹا گروپ نے اس ملک اور ریاست کی ترقی میں بڑا رول ادا کیا ہے۔حکومت کی کوشش ہے کہ صنعتی گھرانوں کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوں۔ اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ٹاٹا کینسر ہسپتال کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ جلد ہی اسے ریاست کے عوام کے لیے وقف کیا جائے گا۔  حکومت نے سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔ جھارکھنڈ کی سیاحت کو کس طرح ترقی کرنی چاہیے اس کے لیے بھی بہت سے کام کیے جا رہے ہیں۔وزیر چمپئی سورین، وزیر بننا گپتا، ایم ایل اے رام داس سورین، ایم ایل اے سبیتا مہتو، ایم ایل اے منگل کالندی، ایم ایل اے سنجیو سردار، چیف منسٹر کی پرنسپل سکریٹری وندنا ڈاڈیل، چیف منسٹر کے سکریٹری ونے کمار چوبے، ڈپٹی کمشنر جمشید پور وجئے جادھو، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس  پربھات کمار، منیجنگ ڈائرکٹر کم چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹی بی نریندرن، چیف کارپوریٹ سروسز چانکیہ چودھری، ایم ڈی ٹی سی آئی ایل آر این مورتی اور دیگرموجود تھے.