
وزیر اعلی کا حکم - انکت کو پڑھائی میں ہر ممکن مدد کریں
الحیات نیوز سروس
رانچی،31؍مارچ:وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین کے حکم کے بعد، بوکاروکے گومیا کے رہنے والے انکت کمار کو میٹرک کے بعد کی تعلیم کے لیے مدد فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان کے افراد کو بھی حکومت کی مختلف اسکیموں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ بوکاروڈی سی نے وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا کہ انکت کمار اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ انکت کے روشن مستقبل کو لے کر چوکنا ہے۔ انکت کے اہل خانہ کو تمام فلاحی اسکیموں سے فائدہ پہنچانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کو اطلاع ملی کہ بوکارو کے رہنے والے انکت کمار نے میٹرک کے امتحان 2022 میں تقریباً 96 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔ لیکن خاندان کی مالی حالت خراب ہونے کی وجہ سے وہ مزید تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہے۔ انکت کے والد جسمانی طور پر کمزور ہیں اور اس کی ماں جو کہ مزدوری کرتی ہے، گاڑی کے ایک حادثے میں اس کے بازو اور ٹانگیں ٹوٹ گئی ہیں، جس کی وجہ سے پورا خاندان مالی بحران کا شکار ہے۔ مذکورہ معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد، وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بوکارو کو حکم دیا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کریں اور انکت کی پڑھائی کے لیے ہر ممکن سرکاری مدد فراہم کریں اور انکت کے اہل خانہ کو تمام ضروری اسکیموں سے جوڑ کر مطلع کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر بہت سی اسکیمیں لے کر آئی ہے تاکہ غربت پڑھائی میں رکاوٹ نہ بنے۔