
الحیات نیوز سروس
رانچی ،28؍مارچ:راجدھانی رانچی میں مختلف اکھاڑوں کی جانب سے رام نومی کی تیاریاں زور و شور سے کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب پولیس انتظامیہ بھی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے کہ اس دوران ہونے والے تہوار اور جلوس پرامن رہیں۔ آج سہ پہر شہر کے نظام چست درست رکھنے کے لیے پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے فلیگ مارچ کیا۔ ایس ایس پی، سٹی ایس پی سمیت مختلف تھانوں کے انچارجوں نے شہر کی مین روڈ پر مارچ کی۔ اس دوران پولیس افسران نے لوگوں سے تہوار پرامن طریقے سے منانے کی اپیل بھی کی۔
کانکے کے علاقے میں بھی فلیگ مارچ
اے ایس پی ہیڈ کوارٹر وانمومل راجپوروہت کی قیادت میں رام نومی تہوار کے حوالے سے کانکے تھانہ علاقہ کے بازار ٹانڈ،چوڑی ٹولہ، ملت کالونی، بلاک چوک، بوڑیا وغیرہ میں فلیگ مارچ کیا گیا۔
ڈرون اور سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی کی جائے گی
ڈرون اور سی سی ٹی وی کی مدد لی جا رہی ہے تاکہ رام نومی کے تہوار اور جلوس کے دوران کوئی کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ پولیس نے رانچی شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پولیس سماج دشمن عناصر پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ تہوار کے حوالے سے افواہیں پھیلانے یا اشتعال انگیز کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ رام نومی کے موقع پر کسی قسم کے تنازعہ سے بچنے کے لیے شرارتی عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی رام نومی جلوس کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ اگر کسی قسم کی افواہ پھیلائی گئی اور پکڑے گئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
رانچی میں تعینات آر اے ایف
سیکورٹی کا خیال رکھتے ہوئے ریاست بھر میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ CRRPF کی ریپڈ ایکشن فورس کی دو کمپنیاں راجدھانی رانچی میں تعینات کی گئی ہیں۔ مرکزی سیکورٹی فورسز کی سات کمپنیاں ریاست بھر میں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 14,920 پولیس اہلکاروں کی اضافی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔ ریپڈ ایکشن فورس کی ایک ایک کمپنی کو رانچی، جمشید پور، گریڈیہہ، پلامو، لوہردگا اور دمکا میں تعینات کیا گیا ہے۔ پلامو میں سی آر پی ایف مہیلا بٹالین کی ایک کمپنی کو تعینات کیا گیا ہے۔