پاک آرمی چیف کی متحدہ یو ای اے کے صدر سے ملاقات دفاعی امور کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

ابوظہبی،   10 جنوری (یو این آئی)پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی  متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی جس میں  دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری امور میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔
آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر پہلی مرتبہ  سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک ہفتے کے طویل سرکاری دورے پر  ہیں۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ادارے ’ڈبلیو اے ایم‘ کے مطابق  متحدہ عرب امارات کے صدر نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے  پر مبارک باد دی اور نئی ذمہ داریاں پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات  کے دوران متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون  سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور  مل کر کام کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں دوست ملکوں کے مشترکہ مفادات کو مضبوط  بنانے کے طریقوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے قومی  سلامتی کے مشیر شیخ تنہون بن زاید النہیان، ڈپٹی وزیراعظم اور صدارتی  عدالت کے وزیر شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان اور متحدہ عرب امارات کی  قیادت کے اہم اراکین نے شرکت کی۔
اس سے قبل گزشتہ روز 9 جنوری کو آرمی  چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان  سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات پر  تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی  ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف، سعودی عرب  اور متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی  دلچسپی کے امور، عسکری تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی  جائے گی۔