حمدیہ لوری

شاد اعظمی ندوی، اعظم گڑھ
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
مولی اللہ مالک اللہ
خالق اللہ رازق اللہ
سب کچھ کرنے والا اللہ
سب کا مالک مولا اللہ
دن اور رات بنائے اس نے
پھل اور پات بنائے اس نے
پاؤں کے نیچے رکھ دی دھرتی
سر پہ فلک کی چادر کردی
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
چندا کو چمکایا اس نے
سورج کو دمکایا اس نے
روشن روشن تارے اس کے
بندے ہیں ہم سارے اس کے
دنیا اس کی مٹھی میں ہے
سب کچھ اس کی مرضی میں ہے
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
عزت دینے والا اللہ
ذلت دینے والا اللہ
جس کو چاہے دولت دے دے
جس کو چاہے غربت دے دے
اس کی زمیں ہے اس کا گگن ہے
چار طرف اس کا ہی چمن ہے
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
ہم کو اس نے کھانا کھلایا
تم کو اس نے دودھ پلایا
تم کو اس نے رونا سکھایا
ہم کو پریشاں ہونا سکھایا
کلفت دینے والا اللہ
راحت دینے والا اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
اس کی کتابیں اس کے فرشتے
اس نے بنائے ہیں سب رشتے
امی ابو اس نے دئے ہیں
رات کو جگنو اس نے دئے ہیں
اس کے پھل اور اس کے پھول
اس کے کانٹے اس کے ببول
اس کے ہمارے پیارے رسول
جینے کے سکھلائے اصول
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
قدرت والا حکمت والا
بے حد لطف و عنایت والا
اس کی دوزخ اس کی جنت
سب سے بڑی ہے اس کی عدالت
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
مارنے والا جلانے والا
دنیا ساری بسانے والا
اک دن سب کچھ ختم کرے گا
پھر اک عالم  نیا بنے گا
اچھوں کو انعام ملے گا
گندوں پر کوڑا برسے گا
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
ہر شے پر ہے اس کی حکومت
اتنی بڑی ہے اس کی قدرت
اک پتہ بھی جب گرتا ہے
اس سے اجازت وہ لیتا ہے
بادل اس کا بجلی اس کی
جاڑا اس کا گرمی اس کی
بارش بھی برساتا ہے وہ
پیڑ اور پودے اگاتا ہے وہ
وہی چلاتا ہے پروائی
وہی چلاتا ہے پچھوائی
اس کا ذرہ ذرہ بھائی
اس کے پربت اس کی رائی
اللہ اللہ اللہ اللہ
اللہ اللہ اللہ اللہ
مولی اللہ مالک اللہ
خالق اللہ رازق اللہ