افسران اپنی دیانت داری سے قوم کو خوشحال بنا سکتے ہیں: صدر جمہوریہ

نئی دہلی، 29 ستمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے افسران سے کہا کہ وہ محنت اور دیانت داری کے ساتھ کام کر کے ایک خوشحال، مضبوط اور جامع قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ محترمہ مرمو نے کہا کہ افسران اپنی مخلصانہ کوششوں کے ذریعے یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ ہندوستان دنیا کے سامنے طاقت اور ترقی کا ایک نمونہ بنے۔ غور طلب ہے کہ ہندوستانی شماریاتی سروس، انڈین اسکل ڈیولپمنٹ سروس اور مرکزی انجینئرنگ سروس کے تربیتی افسران نے پیر کے روز یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ سے ملاقات کی۔ صدر نے ہندوستانی شماریاتی سروس کے افسران کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر پالیسی سازی اور اس پر عمل درآمد درست شماریاتی تجزیے پر منحصر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار پر مبنی دنیا میں شماریات کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ صدر نے سرکاری اعداد و شمار کے جمع و تجزیہ میں شماریاتی افسران کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کام میں مہارت نہایت اہمیت رکھتی ہے، جس کے ذریعے ملک کی بڑھتی ہوئی اعداد و شمار اور معلوماتی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ صدر نے انڈین اسکل ڈیولپمنٹ سروس (آئی ایس ڈی ایس) کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنر اور علم کسی بھی ملک کی معاشی ترقی اور سماجی پیش رفت کے اصل محرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ممالک جن کے پاس اعلیٰ ہنر مند افرادی قوت ہے، وہ عالمی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کر سکتے ہیں اور ترقی کے مختلف شعبوں میں ابھرتے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ جیسے جیسے ہندوستان ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے، یہ ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان جدید ٹیکنیکل مہارتوں کو اپنائیں۔ صدر نے اعتماد ظاہر کیا کہ نوجوان آئی ایس ڈی ایس افسران ماہر منتظمین کے طور پر ایک مضبوط اور مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
 مرکزی انجینئرنگ سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ انجینئر کسی بھی ملک کی تکنیکی ترقی اور معاشی فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے سی پی ڈبلیو ڈی جیسے اداروں پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کے لیے تکنیکی بنیاد فراہم کرنے میں پیش پیش رہیں۔ صدر نے کہا کہ یہ بھی ضروری ہے کہ ترقی پائیدار ہو۔ صدر نے افسران سے کہا کہ وہ نہ صرف پالیسی پر عمل درآمد میں بلکہ مؤثر فیڈ بیک کے ذریعے پالیسی سازی میں بھی اہم کردار ادا کریں۔ عوامی خدمت اور سب کی ترقی، خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کے تئیں ان کی وابستگی ملک کی ترقی کی رفتار طے کرے گی۔ صدر نے کہا کہ محنت اور نیک نیتی کے ساتھ خدمت کر کے افسران ایک خوشحال، مضبوط اور جامع ملک کی تعمیر میں مددگار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'اپنی مخلصانہ کوششوں کے ذریعے وہ یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ ہندوستان دنیا کے سامنے طاقت اور ترقی کا ایک نمونہ بن سکے۔