
نئی دہلی، 20 ستمبر (یواین آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کےایچ -1بی ویزا کی فیس کو 100,000 ڈالر تک بڑھانے کے فیصلے سے ہندوستانی سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، کیونکہ اس زمرے میں 70 فیصد سے زیادہ ویزا ماضی قریب میں ہندوستانیوں کو جاری کیے گئے ہیں۔ ایچ -1بی ویزا امریکہ میں کام کرنے والی کمپنیوں کے لیے ہنر مند کارکنوں کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی سالانہ تجدید ہوتی ہے۔ مسٹر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ کمپنیوں نے امریکیوں سے ملازمتیں چھین کر غیر ملکیوں کو دینے کے لیے اس شق کا غلط استعمال کیا ہے۔ مسٹر ٹرمپ کے دستخط شدہ حکم نامہ 21 ستمبر سے نافذ العمل ہوگا۔ اس کے بعد صرف ان غیر ملکی ملازمین کو امریکہ میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کے لیے ان کی کمپنی نے 100,000 ڈالر ویزا فیس جمع کرائی ہے۔ اس کا اطلاق ان ملازمین پر بھی ہوگا جو فی الحال چھٹیوں، سرکاری کام یا کسی اور وجہ سے بیرون ملک ہیں اور جو 21 ستمبر سے پہلے امریکہ واپس نہیں آسکتے ہیں۔ تاہم، امریکی وزیر خارجہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ پہلے سے ایچ -1بی ویزوں پر ملازمت کرنے والے ملازمین کو مستثنیٰ قرار دے جو اس شق سے قومی سلامتی یا امریکی مفادات کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی 12 ماہ تک نافذ رہے گی اور اگر توسیع نہ کی گئی تو خود بخود ختم ہو جائے گی۔ مزید برآں، سیکریٹری آف اسٹیٹ، اٹارنی جنرل، سیکریٹری محنت، اور سیکریٹری داخلہ سے ایچ -1 بی ویزوں کے لیے اگلی قرعہ اندازی کے 30 دن کے اندر ایک مشترکہ رپورٹ طلب کی گئی ہے، جو اس بارے میں اپنی رائے فراہم کرے گی کہ آیا اس پابندی میں توسیع کرنا قومی مفاد میں ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2022-23 میں امریکہ نے تقریباً 1.91 لاکھ ہندوستانیوں کو ایچ -1بی ویزا جاری کیا تھا۔ 2023-24 میں یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 2.07 لاکھ ہو گئی۔ 2015 سے ہندوستانیوں نے مسلسل جاری کیے گئے تمام ایچ -1بی ویزوں میں 70 فیصد سے زیادہ حصہ لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی ملازمین اور کمپنیاں اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گی۔ جمعہ کو نئی پابندیوں کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹوں میں درج ہندوستانی آئی ٹی کمپنیوں کے حصص گر گئے۔ یہ شعبہ ایچ -1بی ویزوں پر سب سے زیادہ لوگوں کو ملازمت دیتا ہے۔