نئی دہلی 12 ستمبر (یو این آئی) مسٹر سی پی رادھا کرشنن نے نائب صدر کے عہدے کا حلف لینے کے بعد جمعہ کو یہاں راجیہ سبھا کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔ نائب صدر راجیہ سبھا کے چیئرمین ہوتے ہیں۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مسٹر رادھا کرشنن کے ایوان بالا کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کی اطلاع دی۔ صبح نائب صدر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد مسٹر رادھا کرشنن پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں پریرنا استھل گئے اور وہاں واقع ملک کی عظیم شخصیات کے مجسموں پر پھول چڑھائے۔ وہ راج گھاٹ گئے اور صدر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھا کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دین دیال اپادھیائے مارگ پر جن سنگھ کے بانی پنڈت دین دیال اپادھیائے میموریل، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی سدیو اٹل اور سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کی سمادھی کسان گھاٹ کا بھی دورہ کیا اور مرحوم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دریں اثنا، وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نائب صدر کے طور پر حلف لینے کے بعد مسٹر رادھا کرشنن نے ملک کے نائب صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
