رانچی کو جلد ہی تین نئے فلائی اوور کا ملے گا تحفہ

وزیر اعلیٰ نے ریاستی حکومت کی طرف سے ہرمو (سہجانند چوک) -اے سی بی آفس، ارگوڑہ چوک-کٹھل موڑ
 اور کرم ٹولی چوک سے سائنس سٹی تک مجوزہ فلائی اوور تعمیراتی پروجیکٹ سے متعلق پریزنٹیشن کا جائزہ لیا
الحیات نیوز سروس 
رانچی،08؍ستمبر:وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج کانکے روڈ رانچی میں واقع وزیر اعلیٰ کے رہائشی دفتر میں ریاستی حکومت کی طرف سے تجویز کردہ رانچی شہر کے تین اہم فلائی اووروں کے ورک پلان اور ڈیزائن سے متعلق پریزنٹیشن پر محکمہ سڑک تعمیر کے سینئر افسران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ریاستی حکومت کی طرف سے تجویز کردہ ہرمو (سہجانند چوک) سے اے سی بی آفس تک تعمیر کیے جانے والے فلائی اوور پروجیکٹ کا تفصیلی پریزنٹیشن دیکھا۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو بتایا کہ ہرمو فلائی اوور کی تعمیر ٹریفک جام کے مسئلے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہرمو بائی پاس روڈ پر مسلسل جام کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس فلائی اوور کی تعمیر سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی سہولت ہوگی اور ان کے وقت کی بھی بچت ہوگی۔ چیف منسٹر جناب ہیمنت سورین نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس فلائی اوور کو راتو روڈ فلائی اوور سے جوڑیں تاکہ عام لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہو۔ وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین کے سامنے، محکمہ سڑک تعمیر کے افسران نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے بتایا کہ مجوزہ ہرمو (سہجانند چوک) سے اے سی بی آفس تک تعمیر کیے جانے والے فلائی اوور پروجیکٹ کے لیے ٹینڈر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
چیف منسٹر ہیمنت سورین نے ارگوڑہ چوک سے کٹھل موڑ اور کرم ٹولی چوک سے سائنس سٹی تک تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور کی تعمیر کے پروجیکٹ سے متعلق پریزنٹیشن کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور ان فلائی اوور کی اہمیت کے پیش نظر عہدیداروں کو کئی ضروری ہدایات بھی دیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ مذکورہ فلائی اوور کی تعمیر کے لئے ایک بہتر ایکشن پلان بنا کر جلد ڈی پی آر تیار کیا جائے اور اس پراجکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مزید کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ فلائی اوور ارگوڑہ چوک پر گول چکر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ارگوڑہ چوک پر ایک گول چکر کی تعمیر سے کئی اہم سڑکیں ایک دوسرے سے منسلک ہو جائیں گی جس سے لوگوں کی آمد و رفت میں کافی سہولت ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کرم ٹولی چوک سے سائنس سٹی تک ایلیویٹڈ فلائی اوور (4 لین) پروجیکٹ کا پریزنٹیشن دیکھا۔ مذکورہ فلائی اوور کی تعمیر اور مجوزہ ڈاکٹرس کالونی سے ہل ویو بریاتو روڈ تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ جناب ہیمنت سورین نے سڑک کی تعمیر کے محکمے کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فلائی اوور کے تعمیراتی کام کے تمام مجوزہ پروجیکٹ اور اس سے متعلق ڈیزائن میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پروجیکٹوں کو ٹھوس شکل دینا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے، اس لیے تمام کام پوری تیاری اور عزم کے ساتھ کیے جائیں۔اس موقع پر روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سنیل کمار، چیف انجینئر، روڈ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ مسٹر پروین بھینگرا، چیف انجینئر مسٹر وجے رنجن اور کنسلٹنٹ کمپنی اسپرش انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے مسٹر سدھیر کمار کے ساتھ دیگر افسران موجود تھے۔