
180مدارس اور 11سنسکرت
اساتذہ و ملازمین کے لیے پنشن ملنے کی راہ ہموار
دانش ایاز
رانچی،02؍ستمبر (الحیات نیوز سروس) : جھارکھنڈ کابینہ کی نشست منگل کو وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس نشست میں 67تجاویز کو منظوری دی گئی ۔ کابینہ نشست میں ریاست کے مکمل جغرافیائی حلقہ میں فنونِ لطیفہ اور مشتمل فنون کے حلقے میں سرگرم طور سے کام کرنے اور سرگرمیوں کو فروغ دینے نیز اس کے توسط سے ریاست کے ثقافتی اتحاد کو فروغ دینے کے مقصد سے جھارکھنڈ ریاستی فنونِ لطیفہ اکادمی کی تشکیل کو منظوری دی گئی۔ ساتھ ہی ریاست کے قبائلی زبانوں کو چھوڑ کر جھارکھنڈ ریاست کے تمام جغرافیائی حلقوں میں استعمال شدہ مختلف علاقائی زبانوں کے درمیان ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اس کی ہمہ جہت ترقی کے مقصد سے جھارکھنڈ ریاستی ساہتیہ اکادمی کی تشکیل کو منظوری دی گئی ہے۔ ساتھ ہی جھارکھنڈ ریاست کے جغرافیائی علاقے میں سنگیت ،ڈراما اور فنون کے حلقے میں سرگرم طور سے کام کرنے اور سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ثقافتی اتحاد کو فروغ دینے کے مقصد سے جھارکھنڈ ریاستی سنگیت ناٹک اکادمی کی تشکیل کو منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں جھارکھنڈ مکت اور لازمی چائلڈ ایجوکیشن کے حقوق ضابطہ 2025 کو منظوری دی گئی۔ سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کو تا عمر دستیاب کرائے گئے رہائش کو ان کی بیوی روپی سورین کو الاٹ کرنے کو منظوری دی گئی۔ جھارکھنڈ ریاست سڑک تحفظ فنڈ ضابطہ 2025 کے خاکہ کو منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ کئی ڈاکٹروں کو برخاست کرنے کا بھی فیصلہ لیاگیا۔ سب سے اہم فیصلہ میں جھارکھنڈ ریاست کے تحت غیر منقسم بہار کے وقت سے منظور شدہ 180 غیر سرکاری امداد یافتہ مدارس اور 11سنسکرت اسکولوں کےاساتذہ و ملازمین کو پنشن کی منظوری کے لیے عمل کے تعین کو منظوری دی گئی ۔