عیدمیلادالنبیﷺ آج

جھارکھنڈکے گوشے گوشے سے عقیدت واحترام کے ساتھ نکل رہا ہے جلوس محمدیؐ: مولانامحمدقطب الدین رضوی
الحیات نیوز سروس 
رانچی،04؍ستمبر: تنظیم علماء عالم اسلام فی الہندکے جوائنٹ سیکریٹری اور ادارہ شرعیہ جھارکھنڈکے ناظم اعلی مولانامحمدقطب الدین رضوی نے کہاہے مورخہ 5/ ستمبر2025 مطابق 12/ ربیع الاول شریف 1447 ہجری بروزجمعہ بارہویں شریف یعنی عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم ہے اس مبارک ومسعودموقع پر جہاں پوری دنیامیں جشن یوم ولادت باسعادت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دھوم ہے وہیں جھارکھنڈ ریاست کے رانچی، رامگڑھ، ہزاریباغ، کوڈرما، برہی، ایچاک، بڑکاگاؤں گریڈیہ، دھنباد، بوکارو، جمشیدپور، چائباسہ، موسی بنی، کھرساوں، مانگو، کپالی، بنڈو، تماڑ، کھونٹی، سمڈیگا، گملا، لوہردگا، لاتے ھار، ڈالٹین گنج، گڑھوا، چترا، گولہ، بیٹول، مگن پور، سیونڈیہ، راج محل، صاحب گنج، دمکا، گڈا،دیوگھر، مدھوپور، جامتاڑا، پاکوڑ، برہیٹ، پالوجوری، کرماٹانڈ، ہنٹرگنج، جھرکی، گومیا، نوادہ،واسع پور، جھریا، کتراس، چاس، بھرہ، بیرمو، ڈمری، گھوڑتھمبا، بھرکنڈہ، پتراتو، چرہی، مانڈو، کندرکلاں، پانکی، بالوماتھ، چوپارن، موری، اورمانجھی سمیت ریاست کے چپے چپے اور گوشے گوشے میں نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ جلوس عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم نکالاجارہاہے، جلوس کاسلسلہ علاقائ جلوس کمیٹیوں کے ذریعہ متعینہ وقت اور متعینہ راستے سے ہوکر گزریگا اور عاشقان رسول اپنے آقاجناب احمدمجتبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت وعقیدت میں ڈوب کر نعت نبی، درودپاک، سلام محبت، نعرہاے تکبیرورسالت، رسول کی آمدمرحبا، وعظ وتقاریر اور پیغام محبت وامن کے ساتھ جلوس میں شامل ہوںگے۔ناظم اعلی مولانامحمدقطب الدین رضوی نے کہاکہ بارہ ربیع الاول شریف بوقت صبح صادق 20/ اپریل 570 عیسوی پیرمقدس کے دن وجہ تخلیق کائینات، شفیع محشر، امام الانبیاء، مالک دوجہاں، محبوب پروردگار، داناے غیوب، شفیع المذنبین یتیموں کاماوی غریبوں کا والی طہ ویسین کعبے کاکعبہ حضرت احمدمجتبی محمدمصطفی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئ تھی اور رسول اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس خاکدان گیتی پر آمدمبارک اللہ تعالی کی طرف سے ایسی نعمت ہے جو تمام نعمتوں سے بالا و بہترہے اسی لیئے اللہ تعالی نے اس نعمت عظمی کے حصول پر کائینات کو خوب خوب خوشیاں اور جشن منانے کاحکم دیا چونکہ عیدمیلادالنبی دونوں عیدوں بلکہ تمام عیدوں سے افصل واعلی ہے، آؤ ملکر ہم منائیں جشن عید میلارسول،،،، کہ آج کے دن مالک خلدبریں پیداہوے۔مولانارضوی نے کہاکہ نماز، روزے، حج، زکوۃ، زمین، آسمان، سورج، چاند، تارے، شجر، ہجر، سمندر، بحروبر، خشک وتر، مال، دولت، عزت، شہرت، ماں، باپ، بھائ بہن، قلب وجگرسب کچھ میرے آقاجناب محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے میں ملے تو پھر کیوں نہ آقاکے یوم ولادت پر جشن منائیں، آئیے عہدکریں بارہویں شریف کے مبارک موقع سے کہ اللہ ورسول کے فرامین کے مطابق زندگی گزاریں، یوم ولادت باسعادت کی خوشیاں منائیں، صوم وصلوۃ کے پابند بنیں، سچا وپکامسلمان بنیں، آپسی بھائی چارے کوفروغ دیں، یتیموں، بیواؤں، غیبوں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں، بلاامتیاز مذہب وملت امن وسکون اور پیغام محبت کو عام کریں، مظلوموں کی آواز بنیں، مسجد ومیناروں کی حفاظت کریں ہندوستان کو سونے کی چڑیابنائیں ترقی دیں، سبھوں کے حقوق کاخیال کریں اور رہتی سانس تک سارے جہاں کے آقاومولامحمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بے پناہ عقیدت ومحبت رکھیں اسوہ حسنہ پر گامزن رہیں۔
ربیع الاول امیدوں کی دنیاساتھ لے آیا
 دعاؤں کی قبولیت کو ہاتھوں ہاتھ لے آیا
مبارک ہوکہ ختم المسلین تشریف لے آے
جناب رحمت للعالمین تشریف لے آے