ہند-جاپان تعلقات کا نیا دور

 جاپان کرے گا دس لاکھ کروڑ ’ین‘ کی سرمایہ کاری
ٹوکیو / نئی دہلی، 29 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے جاپان کے ساتھ اپنی خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کا نیا باب رقم کرتے ہوئے اگلی دہائی کے لیے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے۔ اس دوران جاپان ہندوستان میں دس لاکھ کروڑ ’ین‘ (تقریباً 5.98 لاکھ کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کرے گا۔ جاپان کے دو روزہ دورے پر مسٹر مودی نے جمعہ کے روز یہاں اپنے جاپانی ہم منصب شِگیرُو ایشیبا کے ساتھ 15 ویں سالانہ سربراہ اجلاس کے دوران وفود کی سطح کی  بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو عالمی امن اور خوشحالی کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “آج ہماری گفتگو معنی خیز رہی۔ ہم دونوں اس پر متفق ہیں کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں اور زندہ دل جمہوری نظاموں کے طور پر ہماری شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک کے لیے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل  ہے۔‘‘مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری میں نئے  باب کا آغاز کرتے ہوئے اگلی دہائی کے لیے روڈ میپ تیار کیا ہے، جس کے تحت جاپان ہندوستان میں دس لاکھ کروڑ ’ین‘ کی سرمایہ کاری کرے گا۔