
ونڈہوک/نئی دہلی، 9 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کو نامبیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز 'آرڈر آف دی موسٹ اینینٹ ویلوٹشیا میرابیلیس‘ سے نوازا گیا ہے۔ نامبیا کے صدر ڈاکٹر نیتمبو نندی ندیتوانے بدھ کو یہاں مسٹر مودی سے بات چیت کے بعد انہیں یہ اعزاز عطا کیا۔آرڈر آف دی موسٹ اینینٹ ویلوٹشیا میرابیلیس‘ نامبیاکا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہے۔ایوارڈ پیش کرنے سے پہلے، ڈاکٹر نیتمبو نے کہا، " نامبیاکے آئین کی طرف سے مجھے دئے گئے اختیارات کی بدولت، میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو آرڈر آف دی موسٹ اینینٹ ویلوٹشیا میرابیلیس عطا کرنے کا اعزاز حاصل کر رہا ہوں۔
، جنہوں نے نامبیا اور عالمی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی اور امن و انصاف کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔"اعزاز سے نوازے جانے کے بعد مسٹر مودی نے کہا، "میرے لیے یہ بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ میں ویلوٹشیا میرابیلیس سے نوازا جا رہا ہوں۔
میں صدر جمہوریہ، نامبیاکی حکومت اور نامبیا کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں 140 کروڑ ہندوستانیوں کی جانب سے عاجزی کے ساتھ اس اعزاز کو قبول کرتا ہوں۔"یہ ایوارڈ 1990 میں نامبیا کی آزادی کے فوراً بعد 1995 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ ممتاز خدمات اور قیادت کے لیے دیا جاتا ہے۔یہ ایوارڈ نامبیا میں پائے جانے والے ایک منفرد اور قدیم صحرائی پودے ویلیوتشیا میرابیلیس کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ نامبیا کے لوگوں کی لچک، لمبی عمر اور پائیدار جذبے کی علامت ہے۔یہ وزیر اعظم مودی کو بیرون ملک دیا جانے والا 27 واں ایوارڈ ہے اور اس دورے کے دوران یہ چوتھا ایوارڈ ہے