جے شنکر نے ایس سی او کے جنرل سکریٹری سے کام کاج کو جدید بنانے پرکیا تبادلۂ خیال

نئی دہلی، 14 جولائی (یو این آئی) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر چین کے دورے پر ہیں، وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کے لیے چین پہنچے ہیں۔انہوں نے پیر کے روز بیجنگ میں ایس سی او کے جنرل سکریٹری  نورالعین  یرمیک بائیف سے ملاقات کی اور تنظیم کے تعاون اور اہمیت کے ساتھ ساتھ  جدید کاری کے کاموں پر تبادلۂ خیال کیا۔ڈاکٹر جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہاکہ آج بیجنگ میں ایس سی او کے سکریٹری جنرل نورالعین یرمیک بائیف سے مل کر خوشی ہوئی۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ڈاکٹر جے شنکر کا بیجنگ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وہ منگل کو تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران کئی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔قبل ازیں ڈاکٹر جے شنکر نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ سے ملاقات کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چینی رہنماؤں کے ساتھ ان کی بات چیت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت کا باعث بنے گی۔ڈاکٹر جے شنکر اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے بھی بات چیت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہندوستان  کو نایاب معدنیات کی فراہمی، دلائی لامہ کی جانشینی اور حالیہ پاک ہندوستان کشیدگی سمیت متعدد امور پر بات چیت متوقع ہے۔