
راجدھانی سمیت ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات، 1000 فوجی تعینات، ڈرون اور سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی
الحیات نیوز سروس
رانچی،05؍جولائی:محرم سے پہلے پولیس نے جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں فلیگ مارچ کیا۔ پولیس نے ضلع ہیڈکوارٹر کے علاوہ مختلف سب ڈویژنوں اور بلاک ہیڈ کوارٹرز میں بھی فلیگ مارچ کیا۔ سٹی ایس پی کی قیادت میں راجدھانی رانچی میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ اس دوران سی سی آر اے ایس پی، کوتوالی ڈی ایس پی، سٹی ڈی ایس پی اور رانچی کے کئی تھانہ انچارج بھی موجود تھے۔جھارکھنڈ پولیس نے کہا ہے کہ محرم کے دوران امن و امان برقرار رکھا جائے۔ تمام برادریوں کے لوگوں کو ان کی حفاظت کا یقین دلانے کے لیے، پولیس نے تمام اضلاع اور بلاکس میں فلیگ مارچ کیا۔ محرم کوخوشگوار ماحول اور بھائی چارے کے ساتھ منائیں۔ یہ انصاف اور انسانیت کے تحفظ کے ساتھ نظریات اور سچائی کا پیغام دیتا ہے۔ یہ پاکیزگی کی علامت ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ یہ انسانیت کے لیے ایک تحریک ہے۔ اس لیے ہمیں مل جل کر رہنا چاہیے۔ محرم کے دوران کسی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ اگر کوئی افواہ پھیلانے کی کوشش کرتا ہے تو آن لائن یا آف لائن پولیس کو اطلاع دیں۔ اس بارے میں اپنے قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی نے کسی بھی طرح سے امن خراب کرنے کی کوشش کی تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس اور انتظامیہ سب پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پولیس سوشل میڈیا سے لے کر شرپسند عناصر تک ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پلیگ مارچ میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ مسلح سپاہیوں نے بھی شرکت کی۔
راجدھانی رانچی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے لیے 1000 جوانوں کو تعینات کیا ہے۔ ریپڈ ایکشن فورس، ریپڈ ایکشن پولیس، ایکو ٹیم، آنسو گیس پارٹی، رنگین پانی کا ٹینکر، برج گاڑی اور فائر بریگیڈ کو تعینات کیا گیا ہے۔ نگرانی کے لیے ڈرون اور ویڈیو کیمرے بھی استعمال کیے جائیں گے۔ شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر خصوصی مانیٹرنگ کی جائے گی۔یہاں محرم کے باعث شہر کے ٹریفک نظام میں بھی جزوی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مختلف اکھاڑوں سے نکلنے والے جلوسوں کے دوران صبح 10 بجے سے جلوس کے اختتام تک نجی اور مسافر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہے گی۔اس کے ساتھ ہی JBVNL نے ریاست بھر کے تمام انجینئروں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے اور محرم کے دوران SOP پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں رانچی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر ڈی این ساہو نے تمام ایگزیکٹیو، اسسٹنٹ اور جونیئر انجینئروں کو خط لکھ کر ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔