
الحیات نیوز سروس
رانچی، 04 جولائی :کانگریس کے سابق ایم ایل اے امبا پرساد سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی کی ٹیم آج کل آٹھ مقامات پر چھاپے ماری کر رہی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ای ڈی کی ٹیم رانچی، ہزاری باغ اور بڑکاگاؤں سمیت کئی مقامات کی تلاشی لے رہی ہے۔ ای ڈی کی ایک ٹیم رانچی کے ہرمو روڈواقع کشور گنج میں اور دوسری ٹیم ہزاری باغ کے بڑکاگاؤں میں چھاپے ماری کررہی ہے۔ یہ چھاپے ماری آر کے ٹی سی کول ٹرانسپورٹنگ معاملے کے سلسلے میں چل رہا ہے۔ ای ڈی نے سابق ایم ایل اے امبا پرساد اور ان کے والد سابق وزیر یوگیندر ساؤسے متعلق معاملے کے سلسلے میں ان کے قریبی لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔ ای ڈی کی ٹیم امبا پرساد کے ذاتی معاون سنجیو ساؤ، منوج دانگی اور پنچم کمار کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے ماری کر رہی ہے۔غور طلب ہے کہ اس سے پہلے 18 مارچ 2024 کو بھی ای ڈی کی ٹیم نے ہزاری باغ میں سابق ایم ایل اے امبا پرساد کے ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی تھی۔ ای ڈی نے ان کے والد اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر یوگیندر ساؤ اور ان کے قریبی رشتہ داروں کے کل 17 مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس دوران ان مقامات سے کئی اہم دستاویزات اور تقریباً 20 لاکھ روپے کی نقدی ضبط کی گئی۔ای ڈی نے یہ کارروائی ہزاری باغ میں لیز پر دی گئی قیمتی زمین پر قبضے کے معاملے میں کی تھی۔ای ڈی نے قبل ازیں ایم ایل اے امبا پرساد اور والد یوگیندر پرساد کے خلاف ای سی آئی آر درج کی تھی۔ ای ڈی نے رانچی، ہزاری باغ اور ممبئی واقع مقامات پر چھاپے ماری کی تھی۔