امول ایک بار پھر ہندوستان کا نمبر 1 فوڈ برانڈ بنا

آنند، یکم  جولائی (یو این آئی) گجرات کوآپریٹو دودھ مارکیٹنگ فیڈریشن (GCMMF-Amul) کو ایک بار پھر ہندوستان کے سب سے بڑے  فوڈ  برانڈ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔GCMMF (Amul) کے منیجنگ ڈائریکٹر جین مہتا کی طرف سے منگل کو جاری  بیان کے مطابق  برانڈ فائنانس انڈیا  100 کے  2025 کی رپورٹ کے مطابق  امول نے 4.1 بلین امریکی ڈالر کی برانڈ ویلیو درج کی ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔ یہ کامیابی ہندوستان میں خوراک اور دودھ کے شعبے میں امول کے غلبے کا ثبوت ہے۔غور طلب ہے کہ امول ہندوستان میں سب سے اوپر پانچ فوڈ برانڈز کی فہرست میں مدر ڈیری، برٹانیہ، نندنی اور ڈابر سے آگے ہے۔ رپورٹ میں اس متاثر کن ترقی کا سہرا امول کے وسیع پورٹ فولیو خاص طور پر اس کی بڑھتی ہوئی پروٹین رینج اور صحت پر مرکوز پیشکشوں کو قرار دیا گیا ہے جو ہندوستان میں مسلسل مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ برانڈ کی بہترین مصنوعات کی عمدہ قیمت، مارکیٹ میں گہری رسائی اور صارفین کے ساتھ مسلسل مصروفیت نے بھی اس تشخیص میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
امول کو تمام زمروں میں ہندوستان میں تیسرے مضبوط برانڈ کے طور پر درجہ دیا گیا ہے۔ اس کا برانڈ سٹرینتھ انڈیکس (BSI) اسکور 100 میں سے 91.2 ہے اور AAA+ ریٹنگ ہے جو صارفین میں اس کے اعتماد اور مقبولیت کا ثبوت ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی امریکہ کی مارکیٹ میں امول کا داخلہ ایک اہم قدم ہے جو عالمی سطح پر طویل  مدت تک ترقی کے لیے برانڈ کو تیار کرتا  ہے۔اس کامیابی پر بات کرتے ہوئے مسٹر جین مہتا نے کہا کہ ہمیں 2025 میں ہندوستان کے سب سے مضبوط فوڈ برانڈ کے طور پر پہچانے جانے پر بہت فخر ہے۔ امول کو سال 2024 کی برانڈ فائنانس رپورٹ میں دنیا کا سب سے مضبوط فوڈ اینڈ ڈیری برانڈ بھی قرار دیا گیا ہے۔ یہ شناخت اور بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ سال 2025 میں اعلان کردہ کوآپریٹوز کے بین الاقوامی سال سے مطابقت رکھتی ہے جو ہمارے کوآپریٹو ماڈل کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔مسٹر مہتا نے کہا کہ  یہ کامیابی لاکھوں ڈیری کسانوں کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ یہ صارفین کو اعلیٰ معیار کی سستی خوراک اور دودھ کی مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اظہار بھی کرتی ہے۔ جیسے جیسے  امول ہندوستان اور بین الاقوامی سطح پر اپنے وجود کو بڑھا رہا ہے  یہ کامیابی ہندوستانی خاندانوں کی نسلوں کے ذریعے ہم پر رکھے گئے اعتماد کو برقرار رکھنے کی   ذمہ داری کو مضبوط کرتی ہے اور ہمیں بہتر کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے کچھ عرصہ میں امول اپنی مصنوعات کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں پہچان حاصل کر رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں  برانڈ فائنانس کی 2025 کی رپورٹ امول کی مسلسل طاقت اور مقبولیت کی تصدیق کرتی ہے۔