حکومت عوام کی جیبیں کاٹنے میں مصروف: کھڑگے

نئی دہلی، 28 جون (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ہفتہ کو مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور ضروری اشیاء کی آسمان چھوتی قیمتوں کو روکنے کے اقدامات کرنے کے بجائے حکومت عوام کی جیبیں کاٹنے میں مصروف ہے۔مسٹر کھرگے نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے گھریلو بچت مسلسل کم ہو رہی ہے اور یہ رجحان گزشتہ تین سالوں سے رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ حکومت بھلے ہی 'امرت کال‘ کا جشن منا رہی ہو لیکن سچ یہ ہے کہ لوگوں کی بچت رک گئی ہے اور ان کے گھریلو اخراجات پر لگام لگ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ "بچت رک گئی، گھریلو اخراجات کم ہوئے، یہ امرت کال کے نتائج ہیں۔ بچت بینک اکاؤنٹ پر سود کی شرح 25 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور گھریلو بچت 50 سالوں میں سب سے  کم رہی اور پچھلے تین سالوں سے مسلسل گررہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ مودی سرکار نے لوگوں کے جیب کاٹنے کا ٹھیکہ لے لیا ہے۔"