جسٹس گوائی آج سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پرلیں گے حلف

نئی دہلی، 13 مئی (یو این آئی) جسٹس بھوشن رام کرشن گوائی بدھ (14 مئی) کو سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیں گے۔سپریم کورٹ کی تاریخ میں اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ سابق چیف جسٹس کے جی بالاکرشنن کے بعد عدلیہ میں اعلیٰ عہدے پر پہنچنے والے درج فہرست ذات برادری کے دوسرے فرد ہیں۔چیف جسٹس کے طور پر ان کی تقرری سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کے آج ریٹائر ہونے کے بعد ہوئی ہے۔جسٹس گوائی کو 24 مئی 2019 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی تھی۔ وہ 23 نومبر 2025 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ وہ مشہور سیاستداں، سابق ایم پی اور کئی ریاستوں کے گورنر رہ چکے آر  ایس گوائی کے بیٹے ہیں۔جسٹس گوائی نے ناگپور یونیورسٹی سے بی اے ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد 16 مارچ 1985 کو قانون کی پریکٹس شروع کی تھی۔انہوں نے 1987 سے 1990 تک بامبے ہائی کورٹ میں آزادانہ طور پر پریکٹس کی۔ انہوں نے 1990 سے بامبے ہائی کورٹ کے ناگپور بنچ میں بنیادی طور پر آئینی قانون اور انتظامی قانون میں پریکٹس کی۔جسٹس گوائی کو 14 نومبر 2003 کو ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ترقی دی گئی۔ وہ 12 نومبر 2005 کو بامبے  ہائی کورٹ کے مستقل جج بن گئے۔ہائی کورٹ کے جج کے طور پر اپنے دور میں جسٹس گوائی نے ممبئی میں پرنسپل بنچ کے ساتھ ساتھ ناگپور، اورنگ آباد اور پنجی میں تمام قسم کے کام کے بوجھ کے ساتھ بنچوں کی سربراہی کی۔