
مودی اور جن پنگ کی ملاقات پانچ سال بعد ہوئی
قازان (روس) 23 اکتوبر (یو این آئی) مئی 2020 میں مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر فوجی کشیدگی کو کم کرنے کے ایک اہم معاہدے کے بعد، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ ملاقات میں سرحدی معاملے پر نمائندہ خصوصی کی سطح کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا گیا۔نامہ نگاروں کو اس اہم ملاقات کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے کہا کہ تقریباً پانچ سال بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی ہے۔ آخری ملاقات 2019 میں برازیلیا میں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ میٹنگ 2020 میں ہندوستان-چین سرحدی علاقوں میں پیدا ہونے والے مسائل کے خاتمے اور گشت کے معاہدے اور ان کے حل کے بعد ہوئی ہے۔