حماس کے پالیٹکل لیڈر اسماعیل ہنیہ کا قتل

ھنیہ کی نماز جنازہ آج تہران میں ہوگی، پرسوں دوحہ میں سپرد خاک کیا جائے گا،ایران میں 3 روزہ سوگ، واقعہ کی تحقیقات شروع ، حملہ کرنیوالوں کو پچھتانا ہوگا: پزشکیان
      تہران ،31؍جولائی(ایجنسی) ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ کل جمعرات کو تہران میں ادا کی جائے گی۔ مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق میت کی تدفین جمعہ 2 اگست کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کی جائے گی۔ ایران نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔اسماعیل ھنیہ کے قتل کے بعد پاسداران انقلاب کے تعلقات عامہ نے ایک بیان میں فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ایرانی حکومت نے ایک بیان میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد تین روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے تعلقات عامہ نے ایک بیان میں بتایا کہ تہران میں ھنیہ کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں اسماعیل ھنیہ اور ان کا ایک محافظ شہید ہوگیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حادثے کی وجوہات اور طول و عرض کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ تحقیقات کے نتائج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ تہران ھنیہ کے قتل کی بزدلانہ کارروائی کرنے والوں کو پچھتانے پر مجبور کردے گا۔ پزشکیان نے مزید کہا کہ ان کا ملک اپنے وقار اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا۔ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی سخت سزا دے گا۔ علی خامنہ ای نے کہا کہ ھنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ایران پر فرض ہے کیونکہ انہیں اس کی سرزمین پر قتل کیا گیا۔ اسرائیل نے سخت سزا دینے کی بنیاد خود ایران کو فراہم کی ہے۔