چنڈی گڑھ ،06؍جون(ایجنسی) بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رانوت کو چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر سی آئی ایس ایف کی ایک خاتون گارڈ نے تھپڑ مار دیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ کنگنا کے ساتھ بدسلوکی والا یہ واقعہ جمعرات کو تقریباً 3.40 بجے پیش آیا۔ کنگنا کو جس خاتون گارڈ نے تھپڑ مارا ہے، اس کا نام کلوندر کور بتایا جا رہا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق کنگنا رانوت بی جے پی کی میٹنگ میں شامل ہونے کے لیے وستارا ایئرلائنس کی فلائٹ سے دہلی آ رہی تھیں۔ جب وہ بورڈنگ کے لیے جا رہی تھیں تو اسی دوران وہاں ڈیوٹی پر تعینات کلوندر کور سے ان کی کوئی بات ہوئی اور پھر اچانک کلوندر نے انھیں تھپڑ رسید کر دیا۔اس معاملے میں کنگنا رانوت نے خاتون گارڈ کے خلاف شکایت کی ہے اور کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں فی الحال تفصیلی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ ضرور بتایا جا رہا ہے کہ کسانوں کے ایشوز کو لے کر خاتون گارڈ نے کنگنا کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے یہ تھپڑ مارا۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسانوں سے متعلق کنگنا کے دیے گئے بیان پر خاتون سپاہی ناراض تھیں، اس لیے یہ بدسلوکی والا رویہ اختیار کیا۔