پیساڈینا:کیلیفورنیا: ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری نے سرخ سیارے مریخ کی سطح کی حیرت انگیز تفصیلی تصویر جاری کی ہے۔ مسلسل چار دن تک مریخ کے چاروں طرف کی 1000 تصاویر لینے کے بعد انہیں احتیاط سے جوڑا گیا ہے اور یوں 1.8 ارب پکسل کا پینوراما تیار ہوا ہے جو انتہائی تفصیلی منظر فراہم کرتا ہے۔مریخ کی جانب بھیجی گئی خلائی گاڑی کیوروسٹی دھیرے دھیرے مریخ پر چلتی رہتی ہے اور اپنے سائنسی تجربات سے ہماری معلومات میں اضافہ کررہی ہے۔ کیوروسٹی کو تصویر کا ہر پہلو باقاعدہ یکساں رکھنے کے لیے اسے دن کے وقت تصویر لینا ہوتی ہے اور اس طرح چار روز میں 1000 تصاویر لی گئیں جنہیں جوڑ کر ایک دائرے کی شکل میں پورا پس منظر بنایا گیا ہے۔ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری میں کیوروسٹی منصوبے کے سربراہ اشون وساوڈا نے بتایا کہ پہلی مرتبہ خلائی گاڑی نے یہ تفصیلی تصویر جاری کی ہے، اس تصویر میں گلین ٹوریڈن نامی علاقہ دیکھا جاسکتا ہے جس کا نام اسکاٹ لینڈ کے ایک مقام پر رکھا گیا ہے اور یہ علاقہ ہیماٹائٹ کچدھات سے بھرپور ہے۔کیوروسٹی نے اس مقام پر کھدائی بھی کی ہے اور گارے کے نمونے لیے ہیں جن سے ان میں موجود نامیاتی مرکبات کی تصدیق یا تردید کی جاسکے گی۔ دوسری اہم تحقیق میں مریخ کی اہم سطح گیل کریٹر کے بارے میں بھی معلومات جمع کی جارہی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شاید اس گڑھے میں کبھی پانی ہوا کرتا تھا اور شاید اس کے بعض آثار بھی مل سکتے ہیں۔اتنی اہم تصاویر کے بعد اب کیوروسٹی اپنے دوسرے مشن پر روانہ ہوگیا ہے۔ ایک پہاڑی ماؤنٹ شارپ کے نشیب کی طرف بڑھ رہا ہے اور وہاں جاکر مزید تحقیق انجام دے گا۔
- صفحہ اول
- سائنس وٹکنالوجی
- مریخ کی اربوں پکسل پر مبنی پینوراما تصویرجاری