کھیتوں کو ملے گا سالوں بھر پانی : وزیر اعلیٰ 

وزیر اعلیٰ پلامو ضلع کے تحت پلامو پائپ لائن آبپاشی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا
الحیات نیوز سروس 
رانچی، 10 فروری : وزیر اعلی چمپائی سورین نے کہا کہ پلامو ضلع کے تحت پلامو پائپ لائن آبپاشی اسکیم کا آج سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے اور یہ ایک اہم اسکیم ہے۔آج پلامو ضلع کے شیواجی میدان ڈالٹین گنج میں منعقد "پلامو پائپ لائن آبپاشی اسکیم" کا سنگ بنیاد رکھنے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سورین نے کہا کہ اس اسکیم کے مکمل ہونے سے پورے پلامو ڈویژنل علاقے کے چھوٹے-بڑے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ پلامو اکثر خشک سالی سے متاثر ہوتا ہے۔ بروقت بارش نہ ہونے یا کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی کے حالات پیدا ہوتے رہتے ہیں۔ ہماری حکومت کا وژن ہے کہ پلامو مکمل طور پر ہرا بھرا رہے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے آج ایک تاریخی آبپاشی اسکیم "پلامو پائپ لائن ایریگیشن اسکیم" کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک - دنیا جب تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جدید دور میں پہنچ گئی ہے تو ہمارا جھارکھنڈ کیوں پیچھے رہے گا؟ ہم یہاں کے کسانوں کے کھیت کھلیہان میں 12 مہینے پانی پہنچائیں گے ہماری حکومت اس عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ہماری حکومت سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی سوچ کو آگے بڑھا رہی ہے۔ پلامو کی زمین پر آج اس آبپاشی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی یہاں کے چھوٹے  بڑے ڈیموں، چیک ڈیموں، تالابوں، آہر سمیت مختلف آبی ذخائر میں آبپاشی کے لیے پانی جمع کیا جاسکے گا۔ ہم سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی سوچ کے مطابق تمام اسکیموں کو نافذ کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔مسٹرسورین نے کہا کہ ریاستی حکومت کی تشکیل کے چند ہی دنوں میں کورونا انفیکشن کی خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی۔ کووڈ-19 کا اثر اتنا تباہ کن تھا کہ ملک اور دنیا میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ کورونا انفیکشن نے خوف کا ماحول پیدا کر دیا۔ ایسے نامساعد حالات میں بھی سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت والی حکومت نے جھارکھنڈ میں کورونا انفیکشن مینجمنٹ کے حوالے سے اتنا اچھا کام کیا کہ اس نے بغیر کسی پریشانی کے ہر فرد کو ہر سہولت فراہم کی۔ ریاست میں ایک بھی شخص بھوکا نہیں سویا۔ میڈیکل اسپتالوں میں کم وسائل کے باوجود ریاستی حکومت نے بہتر طبی سہولیات فراہم کیں۔ ہماری حکومت نے مختلف ذرائع سے ہمارے مہاجر مزدوروں کو گھر واپس لانے کا کام کیا ہے۔ ایسے مزدور کو لنگی اور ہوائی چپل پہن کر کام کرتے ہیں انہیں بھی ہوائی جہاز سے واپس جھارکھنڈ لانے کا کام کردکھایا۔ کورونا انفیکشن سے پہلے ہمارے میڈیکل اسپتالوں میں نہ ہی آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور نہ ہی اتنی بڑی تعداد میں بستر دستیاب تھے۔ سابقہ ​​حکومتوں نے صحت کی سہولیات کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا۔ لیکن اس صورتحال میں بھی ہماری حکومت نے وینٹی لیٹر، آکسیجن، بستر سمیت کئی سہولیات فراہم کرنے میں بہترین کام کیا اور جھارکھنڈ کے لوگوں کی جان بچانے کا کام کیا۔وزیراعلیٰ مسٹرسورین نے کہا کہ معاشی، تعلیمی اور سماجی ترقی ہماری حکومت کی سوچ رہی ہے۔ ہم سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی سوچ کے مطابق تمام کاموں کو ٹھوس شکل دینے کا کام کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں جھارکھنڈ کے غریبوں، قبائلیوں، مقامی لوگوں، دلتوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں سمیت کمیونٹی کے تمام طبقوں کے بچوں کو اچھی تعلیم حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے بہت سی بلند نظر اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں۔  اس موقع پر وزیر ستیانند بھوکتا، ایم ایل اے تھیلیش کمار ٹھاکر، ایم ایل اے رام چندر سنگھ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری ونے کمار چوبے، محکمہ آبی وسائل کے سکریٹری پرشانت کمار، پلامو ڈویژن کمشنر دشرتھ داس، آئی جی پلامو راجکمار لکڑا اور ضلع کے ڈپٹی کمشنر، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور دیگر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔