17 ویں لوک سبھا کی میعاد کار اصلاحات اور غیر معمولی کامیابیوں سے بھرپور: مودی

نئی دہلی، 10 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے 17ویں لوک سبھا کی میعاد  کار کو  نتیجہ خیز  اور اصلاحات کے لحاظ سے تاریخی قرار دیا اور دنیا میں جمہوری نظام کے طور پر ہندوستان کی ساکھ کو بڑھانے میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے تعاون کی تعریف کی۔17ویں لوک سبھا کے 15ویں اور آخری اجلاس کے اختتام سے پہلے اپنے آخری خطاب میں مسٹر  مودی نے 17ویں لوک سبھا کی کامیابیوں کا تفصیل سے ذکر کیا اور لوک سبھا اسپیکر سمیت تمام اراکین،   سیاسی پارٹی کے لیڈروں اور پریذائیڈنگ افسران کے تعاون کو یاد کیا۔ اوم برلا نے سب کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج جمہوریت کی عظیم روایت کا اہم دن ہے۔ 17ویں لوک سبھا نے ملک کے لیے اپنی 5 سال کی خدمت میں کئی اہم فیصلے  کئے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود سب نے اپنی صلاحیت کے مطابق ملک کو درست سمت دینے کی کوشش کی۔اس دور میں بہت سی اصلاحات ہوئیں۔