الیکشن سے ایک روز قبل بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے،29 افراد جاں بحق

اسلام آباد، 7 فروری (یو این آئی) عام  انتخابات سے ایک روز قبل بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 29افراد جاں بحق ہوگئے۔بلوچستان میں پہلا دھماکا ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں ہوا جس میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ دوسرا دھماکہ قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔خانوزئی میں ہونے والے دھماکے کے بعد علاقے میں کھڑی موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں اور دھماکے کے نتیجے میں  متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ 14  افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دھماکا انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اور سابق وزیر اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا ۔خانوزئی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے تصدیق کی کہ دھما کے کے بعد 12 افراد کی  لاشیں اور 30 سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے بیشتر کی  حالت تشویشناک ہے۔ دوران علاج مزید دو زخمی دم توڑ گئے۔نمائندہ جیونیوز کےمطابق دھماکہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اور سابق  وزیر اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا ہے تاہم وہ دفتر میں موجود نہیں  تھے، دھما کے کے وقت علاقے میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جب کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر بھی اس علاقے میں موجود ہیں۔سابق وزیر اسفند یار خٹک کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے تاہم اس بار ٹکٹ نہ ملنے پر وہ آزاد  امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں۔حلقے سے آزاد امیدوار اسفند یار خٹک کا کہنا ہےکہ دھماکہ ان کے دفتر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا ہے۔جیونیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ خانوزئی میں  افسوسناک واقعہ ہوا، یہ خودکش دھماکہ نہیں تھا، دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل  میں نصب تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ کوشش ہےکہ بلوچستان میں الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کیاجائے لیکن یہ ایک ناکام کوشش ہے، کل الیکشن ہونگے اور پرامن ہونگے، عوام نکلیں گے اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے،  جس طرح ایک ماہ میں ہزاروں جلسے اور کارنر میٹنگز ہوئی  ہیں انشاءاللہ کل  کا دن بھی پرامن ہوگا، ہم اس افسوسناک واقعے کے بعد بھی اپنی ذمہ داری جاری  رکھیں گے۔