عمران خان استعفیٰ نہیں دیں گے! میدان میں آخری گیند تک کھڑے رہیں گے

عمران حکومت کے دو وزراء مستعفیٰ
اسلام آباد، 30 مارچ (یو این آئی) پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے وزیر سید امین الحق اور وزیر قانون و انصاف ڈاکٹر فروغ نسیم نے بدھ کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر بحث سے قبل استعفیٰ دے دیا۔قابل ذکر ہے کہ دونوں وزراء متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کے رکن ہیں، جنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم پی کی رابطہ کمیٹی سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد انہوں نے مسٹر خان کو اپنا ستعفیٰ دیا۔جیو نیوز کے مطابق وزراء کا ماننا تھا کہ مسٹر خان کی کابینہ میں رہتے ہوئے اس طرح کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے ، اس لیے انہوں نے پہلے وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینا مناسب سمجھا۔جیو نیوز نے رپورٹ کیا کہ نسیم پارٹی کے خلاف جا کر مسٹر خان کی حمایت کر سکتے تھے، لیکن انہیں ایم کیو ایم پی کے کوٹے سے رکن اسمبلی منتخب کیا گیا، اس لیے انہوں نے پارٹی کے فیصلے کی حمایت کی۔
مسٹر خان شام 7.30 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ادھر وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ٹویٹ کیا،’وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں، استعفیٰ نہیں ملے گا، میدان لگے گا، دوست بھی دیکھیں گے اور دشمن بھی ‘۔ 
حکومت گرانے کے پیچھے غیر 
ملکی ہاتھ، عمران خان کا دعویٰ
اسلام آباد، 30 مارچ (یو این آئی) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت گرانے کے پیچھے غیر ملکی سازش تھی اور جلد ہی اس معاملے کی تصدیق کے لیے عوام کے سامنے ایک خط پیش کریں گے۔مسٹر عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی بحران کوئی نئی بات نہیں لیکن میری حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایک غیر ملکی سازش ہے۔ ہمارے قومی مفادات کے خلاف بیرونی طاقتوں کی ایما  پر ملک چلانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکیوں کو یہ پسند نہیں، ہماری حکومت میں ملک اتنا اچھا کیسے کر سکتا ہے۔ 
میرے پاس اس کا ثبوت ہے جو میں سینئرصحافیوں سے شیئر کروں گا۔ اپنی حکومت کے خلاف غیر ملکی سازش کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک بڑی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم)  اور اہم اپوزیشن پارٹی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد عمران حکومت کا جانا تقریباً طے مانا جارہا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران کا قوم کے نام خطاب ملتوی
 اسلام آباد 30 مارچ (یو این آئی) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب آج شام آخری لمحات میں ملتوی ہو گیا۔ جیو ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) میں مسٹر خان کے قریبی ساتھی سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا’’ وزیراعظم عمران خان کا آج  قوم کے نام پیغام ملتوی ہو گیا ہے ‘‘۔اس سے قبل ملک کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم مسٹر خان بدھ کو مرکزی کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔ مسٹر خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی پارٹی کے ساتھیوں اور کچھ سینئر رہنماؤں کے سامنے تحریری ثبوتوں کا انکشاف کریں گے، جن میں ان کی حکومت کو گرانے کی غیر ملکی سازش کو بے نقاب کیا گیا ہے ۔ مسٹر خان نے الزام  عائد کیا ہے کہ یہ سازش اس لیے رچی گئی تھی کیونکہ ان کے ناقدین انہیں خاموش کرانا چاہتے تھے۔