عمران خان کو جھٹکا: علیم خان ناراض خیمے میں شامل

اسلام آباد، 8 مارچ (یو این آئی) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب ان کے قریبی معتمد علیم خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض لیڈر جہانگیر ترین کے خیمے میں شمولیت کا اعلان کیا۔پاکستانی اخبار ڈان نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ یہ اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اپوزیشن مسٹر عمران خان کی قیادت والی پی ٹی آئی کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اس کے لیے اپوزیشن پی ٹی آئی کے کچھ ناراض اراکین کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن کے پاس قومی اسمبلی میں قرارداد کو کامیابی سے منظور کرانے کے لیے کافی تعداد موجود ہے۔دوسری جانب بدلتے ہوئے حالات سے خوفزدہ وزیراعظم نے سابق وزیر اعلی پنجاب کو راضی کرنے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو لاہور بھیجا ہے۔اسی دوران علیم خان نے 10 وزراء سمیت پنجاب کے 36 سے زائد اراکین اسمبلی کے ساتھ مسٹر جہانگیر ترین سے ہاتھ ملانے کا اعلان کیا ہے۔ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپوزیشن کی مجوزہ تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریں گے؟ اس کے جواب میں سابق وزیر نے کہا کہ آپس میں مشورہ کرکے فیصلہ کریں گے کہ کس کو سپورٹ کرنا ہے۔