عمران خان نے روسی صدر پوتن کے سامنے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا

ماسکو، 25 فروری (یو این آئی) یوکرین پر روس کے حملے سے چند گھنٹے قبل روس کے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچنے والے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلہ پر صدر ولادیمیر پوتن سے بات کی۔مسٹر عمران خان نے مسٹر پوتن سے کہا کہ یوکرین  کے مسئلے کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے یہ اطلاع دی۔جنوبی ایشیائی امور پر گفتگو کرتے ہوئے مسٹر عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا اور اس کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ یوکرین کے موجودہ بحران پر انہوں نے کہا کہ تنازعہ کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔پاکستان میں وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کیا، "وزیر اعظم نے کہا کہ  تنازعہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے، کیونکہ اس سے ترقی پذیر ممالک کو ہمیشہ معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی مسئلے کے حل پر یقین رکھتا ہے"۔مسٹر پوتن اور عمران خان نے دو طرفہ مسائل اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔روسی حکومت کی طرف سے جاری کردہ  مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے لیڈروں نے دوطرفہ تعاون کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ علاقائی موضوعات بشمول جنوبی ایشیا میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران مسٹر عمران خان نے کریملن کی دیوار کے قریب واقع نامعلوم فوجی کے مقبرے پر پھول بھی چڑھائے۔