پاکستان: پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک انتقال کر گئے

اسلام آباد، 23 فروری (یو این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق ممبر پارلیمنٹ رحمان ملک کا بدھ کو اسلام آباد میں کورونا وائرس سے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 70 سال تھی۔مسٹر ملک کو  ماہ رواں کے اوائل میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے  کے بعدطبیعت زیادہ بگڑنے کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔وہ جنوری میں کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ ان کی صحت میں گراوٹ آنے کے بعد انہیں اسلام آباد کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کرایا گیا تھا،بعد میں جب ان کی طبیعت خراب ہوئی  تو ڈاکٹروں نے انہیں یکم فروری کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا۔ان کے پھیپھڑے کورونا سے بری طرح متاثر ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی۔مسٹر ملک کے بھتیجے وقاص ملک نے بتایا کہ سابق رکن پارلیمنٹ کی نماز جنازہ جمعرات کو 2.30 بجے اسلام آباد کے  ایچ -8 سیکٹر میں واقع مسجد میں ادا کی جائے گی۔ملک صاحب کا ایک طویل سیاسی سفر ہے۔ اس دوران انہوں نے 2008 سے 2013 تک پاکستان کی وزارت داخلہ اور دیگر کئی محکموں کی ذمہ داریاں نبھائیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے میں خدمات پر انہیں ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔