غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور

ہندوستان نے جنگ بندی کی قرارداد میں حصہ نہیں لیا 
جنیوا، 28 اکتوبر (یو این آئی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرتے ہوئے محصور غزہ تک امداد کی رسائی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کے حق میں 120 ووٹ پڑے، جب کہ 45 غیر حاضر رہے اور 14 بشمول اسرائیل اور امریکہ نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔واضح رہے کہ عرب ریاستوں کی طرف سے تیار کردہ قرارداد کا مسودہ اگرچہ قانون کے نفاذ کا پابند نہیں ہے تاہم یہ سیاسی وزن ضرور رکھتا ہے۔گزشتہ دو ہفتوں میں سلامتی کونسل نے چار بار اجلاس میں ناکامی کے بعد جنرل اسمبلی نے جنگ بندی کی قرارداد کو پاس کیا ہے، قرارداد کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت درکار تھی جس میں غیر حاضری شمار نہیں ہوتی۔اس سے قبل سربراہ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزیاں کی ہیں، مسلح تصادم کا کوئی بھی فریق عالمی قانون سے بالاتر نہیں۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، انھوں نے کہا کہ مسلح تصادم کا کوئی بھی فریق عالمی قانون سے بالاترنہیں۔ فلسطینیوں نے اپنی سرزمین کو اسرائیلی قبضے میں جاتے دیکھا ہے۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے غزہ میں زیادہ انسانی امداد کی اجازت دینے پر بھی زور دیا، انھوں نے کہا کہ غزہ میں ایندھن ختم ہونے والا ہے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ امداد کی ترسیل کو آسان اور محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ فلسطینی عوام 56 سال سے گھٹن کا شکار ہیں۔
لندن میں ہزاروں افراد کی ریلی، غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرنے کا مطالبہ
 ہزاروں فلسطینی حامی مظاہرین غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے مہلک حملوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرنے کے لیے ہفتہ کو لندن میں ریلی نکالیں گے۔مقامی پولیس کا اندازہ ہے کہ صرف لندن میں تقریباً دس لاکھ لوگ اکٹھے ہوں گے، گلاسگو اور مانچسٹر سمیت ملک بھر کے شہروں میں لاکھوں افراد کے سڑکوں پر اترنے کی توقع ہے۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ 1,000 سے زیادہ اہلکار ڈیوٹی پر ہوں گے کیونکہ وہاں دوپہر میں ایک بڑے احتجاج کی تیاری جاری ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ آج دو پہر وسطی لندن میں ایک اہم احتجاج ہونے جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ ویسٹ منسٹر، واٹر لو برج، اسٹرینڈ، وائٹ ہال اور آس پاس کی سڑکوں پربہت زیادہ ہجوم جمع ہوں گے۔یہ ریلیاں ایک ایسے وقت میں منعقد کی جا رہی ہیں جب اسرائیل غزہ کو کنٹرول کرنے والے فلسطینی گروپ حماس کے خلاف زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
 اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے ہفتے کے روز کہا کہ شمالی غزہ اور غزہ شہر کے تمام باشندوں کو حملہ شروع ہونے سے پہلے جنوب کی طرف نقل مکانی کرلینی چاہیے