سستی طبی خدمات فراہم کرانا حکومت کی ترجیح ہے: مودی

نئی دہلی، 6 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے عام لوگوں کو سستی طبی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن نہ صرف نئے اسپتالوں کو جنم دے رہا ہے بلکہ صحت کا ایک نیا اور مکمل ماحولیاتی نظام بھی تشکیل دے رہا ہے۔مسٹر مودی نے صحت کے شعبے پر ایک پوسٹ بجٹ ویبینار "صحت اور طبی تحقیق" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبی علاج کو سستا بنانا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ آیوشمان بھارت اور جن اوشدھی اسکیموں نے غریب اور متوسط ​​طبقے کے مریضوں کو ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی بچت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فارما سیکٹر کا بازار 4 لاکھ کروڑ روپے کا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر اور اکیڈمی کے درمیان مناسب تال میل کے ساتھ یہ 10 لاکھ کروڑ روپے کا ہو سکتا ہے۔مرکزی بجٹ 2023-24 میں اعلان کردہ اقدامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے منعقد کیے گئے 12 پوسٹ بجٹ ویبینارز کی سیریز میں یہ نویں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کو کووڈ وبا سے پہلے اور بعد کے نظام کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے صحت پر عالمی توجہ مرکوز ہوئی نیز ہندوستان ایک قدم آگے بڑھا اورفلاح وبہبود پرتوجہ مرکوز کی۔مسٹرمودی نے کہا، "ہم نے دنیا کے سامنے ایک وژن پیش کیاہے- ایک زمین ایک صحت۔ اس میں تمام مخلوقات - انسانوں، جانوروں یا پودوں کے لیے مکمل صحت کی دیکھ بھال شامل ہے۔"