سویڈن: ترکی مخالف مظاہروں میں قرآن پاک کی بے حرمتی، عالم اسلام کا اظہارِ مذمت

خرطوم:(ایجنسی)سویڈن کی جانب سے اسلام مخالف مظاہروں کے اجازت نامے کے بعد ترکیہ کے سفارت خانے کے باہر اسلام پر شدید تنقید اور قرآن پاک کو نذر آتش اور بے حرمتی کرنے پر پاکستان اور ترکیہ نے شدید مذمت کی۔ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام مخالف نعرے لگانے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر ترکیہ نے احتجاجاً سویڈن کے وزیر دفاع کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔ڈنمارک اور سویڈن سے تعلق رکھنے والے انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان راسمس پلوڈان کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قائم ترکیہ کے سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اجازت نامہ جاری کرنے پر ترکیہ کے حکام نے شدید اظہار مذمت کیا۔انتہائی دائیں بازو کے سیاستدان راسمس پلوڈان نے اسلام پر شدید تنقید اور گالم گلوچ کرنے کے بعد قرآن پاک کو نذر آتش کیا، انہوں نے مظاہرین سے کہا کہ اگر آپ نہیں سمجھتے کہ آزادی اظہار رائے ہونا چاہیے تو آپ کو کہیں اور رہنا چاہیے۔راسمس پلوڈان کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور اسلام مخالت نعرے لگانے پر ترکیہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سویڈش ہم منصب پال جونسن کا 27 جنوری کو طے شدہ دورہ اب نہیں ہوگا۔ترکیہ کے وزیر دفاع ہولوسی آکار نے کہا کہ اس ملاقات کی اب کوئی اہمیت نہیں اس لیے ہم نے اس دورے کو منسوخ کردیا۔