نیپال طیارہ حادثے میں تمام مسافروں کی موت

 5 ہندوستانی سمیت 68 مسافروں کی لاشیں برآمد
    کھٹمنڈو، 15 جنوری(ایجنسی) نیپال کا ایک مسافر طیارہ جس میں 5 ہندوستانیوں سمیت 72 افراد سوار تھے، اتوار کو نیپال کے پوکھرا ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے دریا کی وادی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ایک ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ اس حادثے میں کم از کم 68 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAAN) کے مطابق، Yeti Airlines 9N-ANC ATR-72  طیارے نے کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صبح 10:33 بجے اڑان بھری۔ پوکھرا ہوائی اڈے پر اترتے وقت طیارہ پرانے ہوائی اڈے اور نئے ہوائی اڈے کے درمیان دریا سیٹی کے کنارے پر گر کر تباہ ہو گیا۔CAAN کی رابطہ کمیٹی، سرچ اینڈ ریسکیو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اب تک جائے حادثہ سے 68 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مزید چار لاشیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ طیارے میں پانچ ہندوستانیوں کے علاوہ چار روسی، دو کوریائی، آسٹریلیا، فرانس، ارجنٹینا، اسرائیل کا ایک ایک شہری سوار تھا۔یتی ایئر لائنز کے ترجمان سدرشن برٹولانے کہا کہ ابھی تک کسی زندہ بچ جانے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوکھرا میں موسم بالکل ٹھیک تھا اور طیارے کا انجن بھی اچھی حالت میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ ہوائی جہاز کو کیا ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے طیارہ حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔نیپال سول ایوی ایشن اتھارٹی نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے میں سوار 5 ہندوستانیوں کے نام سنجے جیسوال، سونو جیسوال، انیل کمار راجبھر، ابھیشیک کشواہا اور وشال شرما ہیں۔ کھٹمنڈو میں ہندوستانی سفارت خانہ نیپال انتظامیہ اور یتی ایئرلائنز کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔رائٹرز کے مطابق طیارے میں 5 ہندوستانی، 4 روسی، ایک آئرش اور دو کوریائی شہری سوار تھے۔ حادثے کی جگہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارہ گرنے کے بعد اس میں شدید آگ لگ گئی تھی۔ جائے حادثہ کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دھویں کی ایک موٹی تہہ نظر آ رہی ہے۔نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، یتی ایئرلائنز کے طیارے 9N-ANC-ATR-72 نے راجدھانی کھٹمنڈو کے تریبھون ہوائی اڈے سے صبح 10.33 بجے ٹیک آف کیا تھا اور اسے پوکھرا ہوائی اڈے پر اترنا تھا۔ پائلٹ نے اے ٹی سی سے لینڈنگ کی اجازت لی تھی اور پوکھرا اے ٹی سی سے لینڈنگ کے لیے بھی اوکے کہا گیا تھا۔ اتھارٹی نے فنی خرابی کے باعث حادثہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ طیارے میں لینڈنگ سے عین قبل آگ کے شعلے دیکھے گئے۔ اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے ہوا ہے۔ ایئر لائنز کے ترجمان سودرشن بھرتولا نے کہا کہ مزید لاشیں برآمد ہونے کی توقع ہے۔ طیارہ ٹکڑے ٹکڑے ہو چکا ہے۔