تلنگانہ کے دسویں جماعت کے 6طلبانے بغیر ایندھن

اور بغیر چارجنگ والی ماحول دوست بائیک تیارکی

حیدرآباد۔ 12فروری (یو این آئی)تلنگانہ کے دسویں جماعت کے طلبا کے ایک گروپ نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا ہے کہ سماج کے پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبا کو صحیح موقع اور تعاون کیا جائے تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بہتر مظاہرہ کرسکتے ہیں۔تلنگانہ مائناریٹی ریزیڈنشل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹشنس سوسائٹی (ٹمریز)کے 6طلبا نے ماحول دوست بائیک تیار کی ہے جو اس کوچلنے کے لئے درکار بجلی پیداکرتی ہے۔اس کامطلب یہ ہے کہ اس بائیک کو پٹرول،ڈیزل یا پھر الکٹرک بائیک کی طرح چارج کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔سید عالم،محمد سلیم،جے آکاش،اکھیل کمار،محمد اثنااللہ اور ملک ارجن جو کاغذنگر کے ٹمریز کیمپس میں تعلیم حاصل کررہے ہیں نے اس بائیک کے بارے میں بتایا کہ اس کو انہوں نے ٹمریز بائیک کا نام دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 1.5کیلوواٹ والی بی ایل ڈی سی موٹر کا استعمال کرتے ہوئے اس بائیک کوبنایاگیا ہے جو چار بیٹریوں کے ذریعہ بجلی حاصل کرتی ہے۔ہر بیٹری 32ایمپ کی ہے۔بی ایل ڈی سی سے مربوط ڈائنامو(الکٹریکل جنریٹر) اورچھوٹے بیلٹ کی مدد سے بجلی کی پیداوار کی جاتی ہے۔ان طلبا نے بتایا کہ بیلٹ کے گھومنے سے بجلی پیداہوتی ہے جو بیٹریز میں جمع ہوجاتی ہے اور یہ بائیک کے چلنے کے لئے کافی ہے۔ان طلبا نے کہا کہ جیسے ہی بائیک چلتی ہے،اس سے بجلی خود بخود پیدا ہونے لگتی ہے۔ہم کینیٹک انرجی کو الکٹریکل انرجی میں تبدیل کررہے ہیں۔اس بائیک سے نہ ہی صوتی آلودگی ہوتی ہے اور نہ ہی فضائی آلودگی ہوتی ہے۔اس طرح یہ ماحول دوست بائیک ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ماحول دوست زمرہ کا پہلا ڈیزائن ہے۔بائیک کا ٹسٹ ڈرائیوحال ہی میں آئی اایس آفیسر و سکریٹری ٹمریز شفیع اللہ نے کیا۔طلبا کے مطابق یہ بائیک 40تا50کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے اور بیٹریز کو تبدیل کرنے پر اس کی رفتار میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔دسویں جماعت کے ان طلبا نے ایندھن سے پاک بائیک بنانے میں اُس وقت دلچسپی کا اظہار کیا تھا جب حال ہی میں شفیع اللہ نے کاغذنگر کا دورہ کیا تھا۔سکریٹری ٹمریز نے اس پروجیکٹ کو منظوری دی اور ان طلبا کو سہولیات بہادر پورہ میں واقع اقامتی اسکول میں فراہم کی گئیں۔اس پروجیکٹ کی تکمیل تک یہ طلبا اسی اسکول میں تھے۔ان کی شاندار مساعی مختصر وقت میں ہی کامیاب رہی اور گیرلیس بائیک کو ان طلبا نے تیار کرلیا۔یہ ٹمریز ادارہ تلنگانہ حکومت کے اقامتی اسکولس کا حصہ ہے جو ایس سی،ایس ٹی،بی سی اور اقلیتی طلبہ کے لئے ہے۔ اس پروجیکٹ کے لئے تعاون فراہم کرنے اور حوصلہ افزائی پر ان طلبا نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کا شکریہ ادا کیا۔سید عالم نے کہا ”ہم تمام کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے۔ہم جب تک اس اسکول میں داخل نہیں ہوئے،ہمیں کچھ بھی معلوم نہیں تھا۔ہمیں ان اسکولس میں بہتر سہولیات حاصل ہورہی ہیں۔عالم کا تعلق آصف آباد کے جینور سے ہے۔