اگربتی کی خوشبو سے ذہانت میں اضافہ ہوتا ہے، تحقیق

میونخ: ’’اگر آپ اپنی یا اپنے بچوں کی یادداشت، ذہانت اور سیکھنے کی صلاحیت بہتر بنانا چاہتے ہیں تو اگربتی جلائیے اور اس کی خوشبو سے ماحول کو مہکا دیجیے۔‘‘ یہ کوئی ٹوٹکا نہیں بلکہ جرمنی میں کی گئی ایک تازہ نفسیاتی تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کا خلاصہ اور مشورہ ہے۔نیچر پبلشنگ گروپ کے ایک تحقیقی مجلے ’’سائنٹفک رپورٹس‘‘ کے تازہ شمارے میں یونیورسٹی آف فرائیبرگ، جرمنی کے ماہرین نے اپنی ایک دلچسپ تحقیق کی تفصیلات شائع کروائی ہیں جو انہوں نے اسکول کے بچوں پر کی تھی۔انہوں نے چھٹی جماعت میں پڑھنے والے 54 طالب علموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا اور ان پر کئی نفسیاتی تجربات کیے۔ ان طالب علموں کی مادری زبان جرمنی تھی لیکن انہیں اسکول میں انگلش الفاظ بھی سکھائے جارہے تھے۔پہلے تجربے میں ایک گروپ کے بچوں کو پڑھائی کے دوران اگربتیاں جلا کر قریب رکھنے کےلیے کہا گیا جبکہ دوسرے گروپ سے ایسا کچھ نہیں کروایا گیا۔دوسرے تجربے میں ایک گروپ کے بچوں سے کہا گیا کہ وہ رات کو سوتے وقت اگربتی جلائیں اور سرہانے کے قریب کسی محفوظ جگہ رکھ لیں، اب کی بار بھی دوسرے گروپ کو اگربتیاں جلائے بغیر سونے دیا گیا۔کچھ دن تک یہ معمول جاری رہا، جس کے بعد انگلش الفاظ سیکھنے کی مناسبت سے ذہنی صلاحیت، یادداشت اور اکتساب کے حوالے سے ان تمام بچوں کا ٹیسٹ لیا گیا۔