ملک کی معیشت ’آئی سی یو‘ میں ہے: چدمبرم

حیدرآباد: سابق مرکزی وزیر فائنانس و کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت اس وقت خستہ حال ہے اور وہ ’آئی سی یو‘ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت نے معیشت کو سنبھالنے میں خود کو نااہل اور بے بس ثابت کیا ہے۔انہوں نے مرکز پر نکتہ چینی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مودی حکومت اس بے بس ڈاکٹر کی طرح ہے جو مریض کی بیماری کی تشخیص اور موثر طور پر اس کا علاج کرنے میں ناکام ہے۔چدمبرم نے حیدرآباد میں کانگریس کی جانب سے مرکزی بجٹ پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مریض کی حالت انتہائیئ خراب ہے اور ڈاکٹر نے خود کو بے بس اور نااہل ثابت کیا ہے۔ معیشت کے مشیر اعلی ڈاکٹر اروند سبرامنیم جیسے افراد جنہوں نے بیماری کی صحیح معنوں میں تشخیص کی ہے، انہیں حکومت سے باہر کر دیا گیا۔ اور کچھ نہیں تو کم ازکم ڈاکٹر یہ تو کہہ ہی سکتا ہے کہ مجھے معاف کیجئے۔ مجھ سے غلطی ہوئی ہے!‘‘