
الحیات نیوز سروس
نئی دہلی ،15؍جولائی:جے ایم ایم (جھارکھنڈ مکتی مورچہ) کے بانی سرپرست، جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجیہ سبھا کے رکن شیبو سورین کو نئی دہلی کے سر گنگارام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔ ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ جھارکھنڈ کے وزراء اور ایم ایل اے سمیت کئی دیگر معززین گروجی کی حالت جاننے کے لیے پہلے ہی اسپتال پہنچ چکے ہیں۔ اسی سلسلے میں منگل کو مرکزی وزیر نتن گڈکری سر گنگا رام اسپتال پہنچے۔ انہوں نے دیشوم گرو سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال بھی اسپتال پہنچے اور جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین سے اپنے والد شیبو سورین کی خیریت دریافت کی۔مرکزی وزیر نتن گڈکری نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی ہے کہ وہ سر گنگا رام اسپتال پہنچے۔ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور سینئرلیڈر شیبو سورین سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ملاقات کی اور شیبو سورین کی صحت پر تبادلہ خیال کیا۔دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ آج انہوں نے دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کا دورہ کیا اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلی اور دوست ہیمنت سورین سے ملاقات کی۔ انہوں نے اپنے والد اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کی خیریت دریافت کی۔ ایشور سے دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر گھر واپس آجائے۔