
نئی دہلی،14؍جولائی(ایجنسی)صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کے روز 2 ریاستوں کے گورنرس اور مرکز کے زیر انتظام ایک خطہ کے لیفٹیننٹ گورنر کی تقرری کر دی۔ انھوں نے اسیم کمار گھوش کو ہریانہ کا گورنر بنانے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ سابق مرکزی وزیر اشوک گجپتی راجو کو گوا کے گورنر کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے بی جے پی لیڈر کویندر گپتا کو لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ لداخ کے موجودہ لیفٹیننٹ گورنر بریگیڈیر بی ڈی مشرا نے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منظور کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے گورنرس اور لیفٹیننٹ گورنر کی تقرری ان کے متعلقہ دفاتر کی ذمہ داری سنبھالنے کی تاریخ سے اثر انداز ہوں گی۔ صدر جمہوریہ کی طرف سے لیے گئے کئی نئے فیصلوں کے تحت یہ تقرریاں کی گئی ہیں۔ ایک دن قبل ہی انھوں نے راجیہ سبھا کے لیے 4 نئے اراکین کو نامزد کیا تھا، جن میں سابق سفیر ہرش شرنگلا، مشہور وکیل اُجول نکم، مورخ میناکشی جین اور کیرالہ کے استاد سدانند ماسٹر شامل ہیں۔