پلامو قلعہ کے تحفظ کی امید پھر جگی

ٹائیگر سفاری پر خرچ ہوں گے 215 کروڑ، جھارکھنڈ کے وزراء نے دی ہدایات
الحیات نیوز سروس 
رانچی،12؍جولائی:وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور اور وزیر سیاحت سدیویہ کمار سونو نے سنیچر کو رانچی-پلامو قلعے کے تحفظ، تزئین و آرائش اور بیتلا علاقے میں ٹائیگر سفاری کی تعمیر کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی۔ اس دوران دونوں وزراء نے افسران کو بتایا کہ پلامو فورٹ اور ٹائیگر سفاری جھارکھنڈ کا ڈریم پروجیکٹ ہے۔ ان دونوں اسکیموں کو 2027 تک مکمل کریں۔ میٹنگ میں فارسٹ سکریٹری ابوبکر صدیقی، ٹورازم سکریٹری منوج کمار، کلچر ڈائریکٹر آصف اکرام، فاریسٹ کارپوریشن کے ایم ڈی وی کے داس اور پلاماؤ ٹائیگر پروجیکٹ کے ڈائریکٹر ایس آر نتیش موجود تھے۔ عہدیداروں نے وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور اور وزیر سیاحت سدیویہ کمار سونو کو بتایا کہ راجہ میدنی رائے کے ذریعہ تعمیر کردہ پلامو کے نئے اور پرانے قلعے کو آثار قدیمہ کے ورثے کے طور پر تسلیم کیا جائے گا اور اس کے تحفظ اور ترقی کا کام کیا جائے گا۔ اس کے لیے ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) تیار کی جائے گی۔ پلامو قلعہ کے تحفظ اور بحالی پر تقریباً 40 سے 50 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔وزراء کو بتایا گیا کہ بیتلا کے قریب ٹائیگر سفاری بنانے کے منصوبے پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے رضامندی حاصل کر لی گئی ہے۔ پلامو ٹائیگر پروجیکٹ کے تحت بیتلا کے قریب ٹائیگر سفاری کے لیے 300 ایکڑ اراضی کو نشان زد کیا گیا ہے۔ سفاری کی تعمیر پر تقریباً 215 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔