ہندوستان-گھانا نے دو طرفہ تعلقات کو جامع شراکت داری کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا: مودی

اکرا/نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اکرا میں صدر جان ڈرامانی مہاما کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہندوستان اور گھانا نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع شراکت داری کی سطح تک  بڑھانے  کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف ایک شراکت دار ہے بلکہ گھانا کے قومی تعمیر کے سفر میں ایک ہم سفر بھی ہے۔دو طرفہ بات چیت کے بعد اکرا کے جوبلی ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تین دہائیوں کے وقفے کے بعد کوئی ہندوستانی وزیر اعظم گھانا کا دورہ کر رہا ہے اور یہ ان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ انہیں گھانا کے دورے کا موقع دیا گیا ہے۔انہوں نے صدر مہاما کو دسمبر 2024 کے عام انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی، جو دوسری مدت کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ  جیت  گھانا کے عوام کے ان کی قیادت اور وژن پر گہرے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ مسٹر مودی نے کہا، "صدر مہاما اور میں نے اپنی دو طرفہ شراکت داری کو 'جامع پارٹنرشپ‘ کی سطح تک بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گھانا کے قومی تعمیر کے سفر میں ہندوستان نہ صرف  شراکت دار ہے بلکہ ایک ہم سفر بھی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شاندار جوبلی ہاؤس، فارن سروس انسٹی ٹیوٹ، کومینڈا شوگر فیکٹری، انڈیا-گھانا کوفی عنان آئی سی ٹی سنٹر اور ٹیما- پکاڈن ریلوے لائن دو طرفہ شراکت داری کی علامت ہیں۔ دو طرفہ تجارت 3  ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہندوستانی کمپنیوں نے تقریباً 900 منصوبوں میں لگ بھگ  2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔مسٹر مودی نے کہا، "آج، ہم نے اگلے پانچ برسوں میں اپنی باہمی تجارت کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن ٹیک کے شعبے میں ہندوستان گھانا کے ساتھ اپنے  یوپی آئی  ڈیجیٹل ادائیگیوں کے تجربے کو شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ترقیاتی شراکت داری دو طرفہ تعلقات کا ایک بنیادی ستون ہے، انہوں نے اقتصادی تنظیم نو کے لیے صدر مہاما کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ہندوستان نے گھانا کے لیے آئی ٹی ای سی اور آئی سی سی آر اسکالرشپس کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔