آپریشن سندور: جنتا دل یو رکن پارلیمنٹ سنجے جھا کی قیادت والاکُل جماعتی نمائندہ وفد بیرون ممالک کے لیے روانہ

نئی دہلی،21؍مئی(ایجنسی)جنتا دل یو رکن پارلیمنٹ سنجے کمار جھا کی قیادت والاکُل جماعتی نمائندہ وفد آج بیرون ملک روانہ ہو گیا۔ ’آپریشن سندور‘ اور دہشت گردوں کی پرورش کرنے والے پاکستان کا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھانے کے مقصد سے 7 نمائندہ وفود تشکیل دیے گئے ہیں، جن میں سے پہلا نمائندہ وفد جاپان، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، ملیشیا اور سنگاپور کے سفر پر روانہ ہو گیا۔ بدھ کے روز دہلی ایئرپورٹ پر سنجے جھا اور ان کی قیادت والے نمائندہ وفد میں شامل اراکین نے تصویریں کھنچوائیں اور پھر روانہ ہو گئے۔بیرون ملک روانگی سے قبل سنجے کمار جھا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نمائندہ وفد ان ممالک میں جا کر دنیا کو یہ بتانا چاہتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے سہارے زندہ ہے اور ہندوستان اس کے خلاف مضبوطی کے ساتھ لڑ رہا ہے۔ ہم یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب بہت ہو گیا، ہندوستان اب دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ سفر ہندوستان کی خارجہ پالیسی اور گلوبل ڈپلومیسی (عالمی سفارت کاری) کا اہم حصہ ہے۔ ہمارا وفد جاپان، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، ملیشیا اور سنگاپور جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سنجے جھا کی قیادت والے نمائندہ وفد میں بی جے پی اراکین پارلیمنٹ پردن بروا، برج لال، ڈاکٹر ہیمانگ جوشی اور اپراجیتا سارنگی کے علاوہ ترنمول رکن پارلیمنٹ ابھشیک بنرجی، سی پی آئی ایم رکن پارلیمنٹ جان بریٹاس، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید اور سابق سفیر موہن کمار شامل ہیں۔ وفد میں شامل بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج لال نے بیرون ملک روانگی سے قبل کہا کہ ہم پاکستان کو ایکسپوز کریں گے، ہم پاکستان کو ’آتنکستان‘ کہتے ہیں۔ پہلگام واقعہ کے بعد ہم نے ’آپریشن سندور‘ چلایا۔ ہم نے ان کے دہشت گردانہ ٹھکانوں کو برباد کر دیا، ہمیں پوری دنیا میں پاکستان کو ایکسپوز کرنا ہے اور اسی کے لیے ہمارا نمائندہ وفد بیرون ملک جا رہا ہے۔